کراچی (صباح نیوز) سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو)سندھ پولیس نے ملزم کی لوکیشن پر غلطی سے نجی ٹی وی چینل کے دفتر میں جانے پر انتظامیہ سے معذرت کی ہے ۔ ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ محمد شعیب میمن کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ایس آئی یو سی آئی اے کی ایک ٹیم ایک تفتیش کے سلسلے میں مصروف تھی کہ اس دوران ایک ملزم کی لوکیشن ٹیکنیکل ٹیم کی مدد سے موصول ہوئی جو کہ کلفٹن بلاک 4 میں پائی گئی اور اس اطلاع پر ایس آئی یو کی ٹیم لوکیٹر کے ہمراہ حاصل شدہ لوکیشن پر روانہ ہوئی اور جب ایس آئی یو کی ٹیم مذکورہ لوکیشن کے مقام پر پہنچی تو مطلوبہ نمبر کی لوکیشن ایک مقام پر ہک ہوئی اور لوکیشن کا فاصلہ کم ہونے کی وجہ سے ایس آئی یو کی ٹیم غلطی سے اصل عمارت کے بجائے ساتھ والی عمارت میں چلی گئی جہاں پر موجود اسٹاف نے ایس آئی یو کی ٹیم کو بتایا کہ یہ نجی ٹی وی چینل کا دفتر ہے جس پر ایس آئی یو کی ٹیم نے ان سے غلط جگہ آنے پر معذرت کی اور ساتھ والی درست بلڈنگ میں پہنچ کر مطلوبہ حدف حاصل کیا اور واپس ایس آئی یو کے دفتر آگئے ، اعلامیے کے مطابق ایس آئی یو سی آئی اے کی ٹیم نے غیر دانستہ اور غلطی سے نجی ٹی وی کی بلڈنگ میں جانے پر نجی ٹی وی کی انتظامیہ سے معذرت کی ہے ۔