فارم 47 کے نتیجے میں بننے والی حکومت تسلیم نہیں کرتے،ملک کو مشکل حالات سے نکالنے کا واحد حل فوری شفاف انتخابات کا انعقاد ہے، محمود خان اچکزئی


کوئٹہ (صباح نیوز)پشتونخواہ میپ کے چیئرمین اوررکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ ملک کو مشکل حالات سے نکالنے کا واحد حل فوری صاف شفاف انتخابات کا انعقاد ہے،سیکورٹی کے نام پر بلوچستان کو عملا وفاقی علاقے میں تبدیل کر دیا گیا ہے،وفاق کی مداخلت سے صوبائی خودمختاری، انتظامی اتھارٹی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔

دو روزہ امن جرگے کے آخری روز خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پشتونخواہ میپ محمود خان اچکزئی نے مزید کہا کہ18ویں ترمیم کی اصل روح کے مطابق صوبے کی صوبائی حیثیت اور خودمختاری بحال کی جائے۔فارم 47 کے نتیجے میں بننے والی حکومت تسلیم نہیں کرتے، ملک کو مشکل حالات سے نکالنے کا واحد حل فوری صاف شفاف انتخابات کا انعقاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو سیکورٹی کے نام پروفاقی علاقے پر تبدیل کردیاگیا ہے۔وفاق کی صوبے میں بڑھتی ہوئی مداخلت کے باعث صوبائی خود مختاری پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔وفاقی اداروں سے صوبائی انتظامی اختیارات صوبائی انتظامیہ کو واپس کئے جائیں۔اگر پاکستان اخلاص کا مظاہرہ کرے تو افغانستان کے 60 فیصد مسائل حل ہوجائیں گے۔واضح رہے کہ دو روز قبل پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی میزبانی میں لورالائی ڈویژن کا دو روزہ عوامی امن جرگہ نواب ایاز خان جوگیزئی کی صدارت میں لورالائی میں شروع ہوا تھا۔

جرگے کے میزبان کے فرائض عبد الرحیم زیارتوال نے ادا کئے تھے۔جرگے سے افتتاحی خطاب میں پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین اور اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں روزانہ کی بنیاد پر دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں، جس میں بے گناہ شہریوں خصوصا پختونوں کا خون بہایا جا رہا ہے، پارلیمنٹ اس صورت حال پر بے بس ہے، ہر دہشت گردی کے واقعے کے بعد عوام کو مزید سختیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات سے نمٹنے کیلئے پختونوں کے پاس سوائے اپنے اتحاد کو مضبوط کرنے اور جرگے منعقد کر کے اپنا لائحہ عمل بنانے کے کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا، کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر درجنوں معصوم شہری دہشت گردی کا نشانہ بنے۔