اسلام آباد(صباح نیوز)چیرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے شہید ذولفقار علی بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ۔ زیب ٹیک کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر محترمہ وحیدہ مہیسر سے بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی ہے ۔ ملاقات کے دوران بی آئی ایس پی اور زیب ٹیک کے مابین سندھ اور بلوچستان کی مستحق خواتین کیلئے مقامی مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق ووکیشنل ٹریننگ کے مواقع فراہم کرنے کے حوالے سے باہمی اشتراک پر تبادلہ خیال گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا کہنا تھا کہ محنت ایک سرمایہ ہے اور معاشرے کی ترقی کیلئے مردو خواتین دونوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی مستحق افراد کی سکل ٹریننگ کیلئے ZABTech کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے جس پر عملدرآمد کیلئے دیگر سرکاری و نجی ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس اور بین الاقوامی ڈونرز کا تعاون درکار ہوگا۔ سینیٹر روبینہ خالد نے ہیلتھ کیئر اور نرسنگ کے شعبہ پر زور دیتے ہوئے کہاکہ ان شعبو ں کی بین الاقوامی سطح پر ڈیمانڈ ہے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ فراہم کردہ ٹریننگز کے معیاری سرٹیفکیشنز کو یقینی بنایا جائے۔ دونوں فریقین کے مابین مستحق افراد کی ووکیشنل ٹریننگ اور آئندہ لائحہ عمل کیلئے ایک مشترکہ مفاہمتی یاداشت پر دستخط کیلئے رضا مندی کا اظہار بھی کیا گیا۔ قبل ازیں، ZABTech کی جانب سے چیئرپرسن بی آئی ایس پی کو ادارے کے زیر اہتمام فراہم کئے جانے والے تربیتی کورسسز پر ایک تفصیلی بریفننگ بھی پیش کی گئی۔