کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی انتقامی اور ناانصافیوں پر مبنی پالیسیاں ملک میں انارکی اور سیاسی عدم استحکام سے دوچار کررہی ہیں، پورا ملک بدامنی اور سندھ میں ڈاکو راج ہے، بلوچستان وکے پی میں پے درپے دہشتگردی کے واقعات سیکورٹی فورسز پر حملے اور سندھ میں درجنوں لوگ ڈاکووں کے چنگل میں ہیں، حکومت قیام امن اور شہریوں کی جان ومال کی حفاظت میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہو چکی، صرف موسم سرما میں نہیں بلکہ آئی پی پیز کے غیرقانونی ظالمانہ معاہدے ختم کرکے مکمل اور مستقل بنیادوں پر عوام کو رلیف دیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبائ آڈیٹوریم میں منعقدہ صوبائی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ باب الاسلام ہے سندھ کے پانی پر ڈاکہ اور گیس وپیٹرول سمیت این ایف سی ایوارڈ میں جائز حصہ نہ ملنے پر خاموش نہیں رہیں گے۔اسٹیبلشمنٹ اور سیکورٹی ادارے سیاست میں مداخلت بند اور سرحدوں کی حفاظت کا کام سرانجام دیں تاکہ ملک دہشتگردی کے ناسور سے آزاد ہوسکے۔اس موقع پر صوبہ سندھ کی تنظیم نو بھی کی گئی امیر صوبہ نے مجلس شوریٰ سے مشاورت کے بعد محمد یوسف کو جماعت اسلامی سندھ کا جنرل سیکریٹری جبکہ پروفیسر نظام الدین میمن، حافظ نصراللہ چنا، منعم ظفر خان اور محمد افضال آرائیں کونائب امراء مقرر کیا۔صوبائی امیر نے مزید کہا کہ موجودہ فارم47پر مبنی جعلی حکومت نے 26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے عدلیہ کو بھی ایک ماتحت ادارہ بناکر رکھ دیا ہے ،عوام کی امیدوں کا اخری مرکز سپریم کورٹ ججز کی باہمی رنجشوں اور حکومتی مداخلت کی وجہ سے معذور ہوچکا ہے پارلیمنٹ کی بالادستی کے نام پر ہونے والی قانون سازی محض اپنی حکمرانی کو دوام دینے کی کوشش کے سوا کچھ بھی نہیں ہے،
پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت صوبائی اسمبلی سے دریائے سندھ پر مجوزہ کینالوں کیخلاف قرارداد پاس کررہی ہے مگر کوچیئرمین آصف علی زرداری ارسا ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دیکر سندھ کے پانی پر ڈاکہ ڈالنے کی منظوری دیتے ہیں یہ تمام ہتکنڈے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے سوا کچھ بھی نہیں، سندھ کی زرخیز زمینیں عسکری اداروں کے حوالے کرنا اور پانی پر ڈاکہ زنی کو کسی صورت بھی قبول نہیں کیا جاسکتا۔ جماعت اسلامی سندھ کے تمام سیاسی اور دینی جماعتوں کے ساتھ ملکر احتجاجی تحریک چلائے گی۔امیر صوبہ نے سابق امیر محمد حسین محنتی کو خراج تحسین پیش کیا کہ جنہوں نے پیران سالی کے باوجود دعوت دین کے لیے سندھ کے دور دراز علاقوں تک پہنچے۔اجلاس میں ضلعی امراء سمیت برادر تنظیمات کے صدور شریک تھے جبکہ اسداللہ بھٹو نے مرحومین کی مغفرت بیماروں کی صحتیابی اور ذمے داران کے لیے استقامت کی دعا کرائی۔