کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں صدر ٹائون یوسی 13کے چیئر مین کے لیے جماعت اسلامی کے امیدوار نور السلام کی انتخابی مہم کے سلسلے میں گذری میں منعقد ہ جلسے اور حیدرآباد کالونی یوسی 4میں گلیوں میں اسٹریٹ لائٹ کی تنصیب ، سیوریج لائنوں اور دو سڑکوں کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد اچار گلی میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے 9ٹائون اور 87یوسیز چیئر مین سمیت تمام منتخب بلدیاتی نمائندوں نے عوام کی بے مثال خدمت کی ہے اور مختصر وقت ،محدود وسائل اور اختیارات میں کمی کے باوجود خدمت اور دیانت کے جذبے کے ساتھ ناممکن کو ممکن بنایا ہے ۔ عوام کو 115پارکوں کا تحفہ دیا ، اوپن ائیر جم بنائے ، کھیل کے میدان آباد کیے ، گلیوں میں اسٹریٹ لائٹس لگائیں ، ٹائون کے تحت آنے والے اسکولوں کو بہتر بنایا ، ہمارے نمائندے آج بھی عوام کے درمیان موجود ہیں اور مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں ۔
جماعت اسلامی نے عوام کو کبھی مایوس نہیں کیا اور آئندہ بھی عوام کے اعتماد پر پورا اترے گی ، صرف جماعت اسلامی کی اہل اور دیانت دار قیادت ہی عوام کے مسائل حل کر سکتی ہے اور کراچی کو آگے لے کر جا سکتی ہے ۔گذری میں ہونے والے ضمنی بلدیاتی انتخابات میں عوام 14نومبر کو ترازو کو ووٹ دیں ۔ ترازو ہی شہر کی تعمیر و ترقی کی ضمانت اور روشن مستقبل کا نشان ہے ۔ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس نے کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کی ہے، سڑکوں پر اور عدالتوں میں ، اہل کراچی کا مقدمہ لڑا ہے ، کے الیکٹرک کی لوٹ مار ، گیس ، پانی ، سڑکوں کی خستہ حالی ، ٹرانسپورٹ کی عدم فراہمی سمیت ہر مسئلے پر کراچی کے عوام کی ترجمان بنی ہے ،انہوں نے کہا کہ ماضی میں جماعت اسلامی کو جب بھی موقع ملا نعمت اللہ خان اور عبد الستار افغانی کی قیادت میں کراچی میں ریکارڈ ترقیاتی اور تعمیراتی کام کیے گئے ، عبد الستار افغانی نے حب ڈیم کے ذریعے سب سے پہلے کراچی کے عوام کے لیے پانی کی فراہمی یقینی بنائی، نعمت اللہ خان ایڈووکیٹ نے پانی کا K-3منصوبہ مکمل کیا اور K-4شروع کیا مگر بد قسمتی سے بعد میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے اسے مکمل نہیں کیا اور 19سال ہو گئے کراچی کے عوام کے لیے ایک بوند پانی کا اضافہ نہیں کیا گیا بلکہ کراچی کے حصے کا پورا پانی بھی اہل کراچی کو نہیں ملتا ، نعمت اللہ خان نے 2001-05کے دوران شہر میں 32نئے کالج قائم اور ہر ٹائون میں ماڈل پارک تعمیر کیے ۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ حیدر آباد کالونی میں 3ماہ کے مختصر عرصے میں 75ہزار اسکوائر فٹ پر مشتمل 2سڑکیں، سیوریج لائنیں اور گلیوں میں اسٹریٹ لائٹس نصب کی گئیں ، تعمیرو ترقی کا یہ سفر آئندہ بھی جاری رہے گا اس نمایاں کارکردگی پر جناح ٹائون اور یوسی چیئر مین سمیت ان کی پوری ٹیم قابل مبارکباد ہے ۔جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوںنے ہر دور میں حیدر آباد کالونی کے مکینوں کی خدمت کی ہے اور عوام کے مسائل حل کیے ہیں ، ان گلیوں اور آبادی کا ہر شخص نصر اللہ خان شجیع کی شخصیت سے واقف ہے اور آج بھی ان کو یاد کرتا ہے ۔ نصر اللہ خان شجیع نے ساری زندگی عوام کی خدمت کی اور اقامت دین کی جدو جہد کا حصہ رہے وہ عوام کی محبتوں کا مرکز و محور، انتہائی جری اور شجاعت کا پیکر تھے ۔ ملنسار انسان اور شفیق استاد تھے ، اپنے ایک شاگرد اور طالب علم کی جان بچانے کی کوششوں میں دریائے سوات کی لہروں کی نذر ہو گئے اور اپنی جان دے دی ، ان کا جذبہ خدمت خلق ، ایثار اور قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی ۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی 16سال سے سندھ پر مسلط ہے ، کراچی کے اداروں اور وسائل پر اس نے قبضہ کیا ہوا ہے ۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم موجودہ حکومتی سیٹ اپ میں وفاقی حکومت کا حصہ ہیں ۔ ایم کیو ایم ماضی میں بھی ہر حکومت کے ساتھ شریک اقتدار رہی ہے ، ان دونوں پارٹیوں نے مل کر کراچی کو تباہ و برباد کیا ۔
حیدر آباد کالونی میں افتتاحی تقریب سے امیر ضلع قائدین انجینئر عبد العزیز ، جناح ٹائون کے چیئر مین رضوان عبد السمیع ، یوسی چیئر مین رائو عاطف بشیر ، وائس چیئر مین ضیاء الحق سمیع اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ نظامت کونسلر رائو رفعت نے کی ۔ منعم ظفر خان نے پیور بلاک سے نئی تعمیر شدہ سڑک شاہراہ نصر اللہ خان شجیع کا افتتاح اور تختی کی نقاب کشائی کی جبکہ شاہراہ منور حسین سہروری کا افتتاح ٹائون چیئر مین رضوان عبد السمیع نے کیا ۔ اس موقع پر آتش بازی کی گئی اور پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں ، قبل ازیں منعم ظفر خان ، رضوان عبد السمیع اور منور حسین سہروری کے صاحبزادے فیضان منور سہروری کو منتخب بلدیاتی نمائندوں نے گلدستے پیش کیے ، تقریب میں جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکریٹری راشد قریشی ، سٹی کونسل میں جماعت اسلامی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر جنید مکاتی ، وائس ٹائون چیئر مین حامد نواز ، یوسی چیئر مین نعمان حمید ،سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ، سیکریٹری پبلک ایڈ نجیب ایوبی ، یوسی 5کے چیئر مین کلیم الحق عثمانی ، وائس چیئر مین رائو محسن اور کونسلروں سمیت علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ تقریب رات گئے تک جاری رہی ، شرکاء نے جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ تاریخی اچار والی گلی اب ایک مثالی گلی بن گئی ہے اور دور دور سے لوگ اس گلی اور علاقے کو دیکھنے آرہے ہیں ۔ علاوہ ازیں گذری میں جلسے سے امیر ضلع جنوبی سفیان دلاور ، نامزد امیدوار چیئر مین یوسی 13 نور السلام ویگر نے بھی خطاب کیا ۔جلسے میں علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔