کراچی(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ حکومتی نا اہلی اور عدم توجہ کے باعث کراچی میں نوجوانوں کے لیے صحت مند سرگرمیوں کے مواقع موجود نہیں ہیں ، کراچی کے نوجوانوں میں بڑا ٹیلنٹ اور پوٹینشل موجود ہے ، حکومت اگر اپنی ذمہ داری پوری کرے اورسرپرستی کرے تو یہ نوجوان پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن اور ملک کے بہترین سفیر بن سکتے ہیں ، جماعت اسلامی نے صرف ایک سال کے دوران محدود وسائل اور اختیارات کی کمی کے باوجود 9ٹائونز میں عوام کو 115پارکوں کا تحفہ دیا اور کھیل کے میدانوں کو آباد کیا ۔ ہماری ترجیح ہے کہ نوجوانوں کے لیے صحت مند سرگرمیوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کریں ۔
ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان ہفتہ کے رو ز 16اسٹار فٹبال گرائونڈ فیڈرل بی ایریا بلاک 16میں فٹبال ایسوسی ایشن ڈسٹرکٹ سینٹرل کے تحت فٹبال چیمپئین شپ 2024-25 ٹورنامنٹ کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے ٹائون چیئر مین گلبرگ نصرت اللہ ، فٹبال ایسوسی ایشن سینٹرل کے صدر کفایت اللہ نے بھی خطاب کیا۔ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری سلیم پٹنی ، وائس یوسی چیئر مین نعمان الحق، جماعت اسلامی کراچی کے سینئر ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات صہیب احمد ودیگر بھی موجود تھے ۔
منعم ظفر خان نے اپنے خطاب میں فٹبال ٹورنامنٹ کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی اور یقین دہانی کرائی کہ جماعت اسلامی اور ٹائون کی سطح پر ہر ممکن تعاون کیا جائے گا ، ٹورنامنٹ کے انعقاد سے نوجوانوں کے لیے صحت مند سرگرمیوں کے مواقع اور معاشرے میں مثبت رجحانات کو فروغ ملے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی 60فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں کی ہے لیکن افسوس کہ ان کو کھیلوں کے لیے بنیادی سہولیات میسر نہیں ، ماضی میں کھیل کے میدانوں اور پارکوں پر قبضے کیے گئے اور چائنا کٹنگ کے ذریعے خوب مال کمایا گیا ، کراچی کے نوجوانوں کو غلط راستوں پر لگایا گیا ، سندھ اسپورٹس فیڈریشن کی ایک رپورٹ کے مطابق جو اسمبلی میں بھی پیش کی گئی کراچی میں 229کھیل کے میدان ہیں لیکن افسوس کہ ان میں سے بیشتر میدان کھیلنے کے لیے مہنگے داموں حاصل کرنے پڑتے ہیں جو ہر ایک کے لیے ممکن نہیں ۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ گزشتہ ماہ نارتھ کراچی کے نوجوان رمیز ابراہیم نے باڈی بلڈنگ کے عالمی مقابلے میں گولڈ میڈل حاصل کیا اور نہ صرف کراچی بلکہ پورے ملک کا نام روشن کیا لیکن افسوس کہ حکومتی سطح پر گولڈ میڈلسٹ نوجوان کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی نہیں کی گئی ۔
ٹائون چیئرمین گلبرگ نصرت اللہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیل کے مواقع اور صحت مند سرگرمیاں نوجوانوں کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں ، ہماری پوری کوشش ہے کہ ہم گلبرگ ٹائون کی سطح پر نوجوانوں کے لیے مواقع پیدا کریں گے ، ٹورنامنٹ کے انعقاد پر ہم فٹبال ایسوسی ایشن کے صدر ، جنرل سیکریٹری اور دیگر ذمہ داران کو مبارکباد اور ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔فٹبال ایسوسی ایشن سینٹرل کے صدرکفایت اللہ نے اپنے خطاب میں منعم ظفر خان اور نصرت اللہ کی شرکت اور حوصلہ افزائی کرنے پر جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کیا ۔ ZS