کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے امیرکاشف سعید شیخ نے کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر دھماکے کی سخت مذمت اورقیمتی انسانی جانوں کے نقصان پردلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک بزدلانہ کاروائی قراردیا اورکہاہے کہ بے گناہ انسانوں کی جانوں کے ساتھ کھیلنے والے پوری انسانیت کے دشمن ہیں۔
ایک بیان میں کہاکہ دن دہاڑے ریلوے اسٹیشن جیسے اہم مقام پردہشتگردی کا واقعہ سکیورٹی ادارو ں کی ناکامی ہے،پی ڈی ایم حکومت ملک میں قیام امن اور شہریوں کی جان ومال کی حفاظت میں مکمل ناکام ثابت ہوئی ہے،بجٹ میں امن وامان کے نام پرخطیر رقم خرچ کرنے کے باجود پورا ملک دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے ،کسی کی جان ومال محفوظ نہیں ۔بلوچتان اورخیبر پختونخواہ میں عوام اورسکیورٹی اہلکاروں پرپے درپے حملے امن وامان کے حکومتی دعووں کی سراسرنفی ہے جس سے ہرمحب وطن شہری فکرمند ہے۔
صوبائی امیرنے دہشتگردی واقعہ میں ملوث ملزمان وماسٹرمائنڈکوگرفتارکرکے کیفرکردارتک پہنچایا جائے۔سکیورٹی ادارے ملکی سیاسی معاملات میں مداخلت کی بجائے اپنی توجہ سرحدوں کی حفاظت اورشہریوں کی جان ومال کی حفاظت پردیں۔انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی ،مرحومین کی مغفرت درجات بلندی،پسماندگان کے لیے صبرجمیل اورزخمیوں کی جلدصحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔