کراچی(صباح نیوز)الخدمت آرفن کیئر پروگرام کے تحت رجسٹرڈ میٹرک میں نمایاں نمبروں سے پاس ہونے والے باہمت طلبہ وطالبات میں ایوارڈز اور اسنادتقسیم کردی گئیں ۔الخدمت کے مرکزی دفتر میں ہائی اچیور ایورڈ کے عنوان سے خصوصی تقریب منعقد ہوئی ۔مختلف کلیسٹرز سے تعلق رکھنے والے طلبہ وطالبات میں ایوارڈز اوراسناد تقسیم کی گئیں ،جنہوں نے میٹرک امتحانات میں نمایاں نمبروں سے کامیابی حاصل کی ہے ۔الخدمت کی جانب سے میٹرک میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے پہلے 3بچوں میں کیش ایوارڈز تقسیم کیے گئے ۔
اس موقع پرایگزیکٹو ڈائریکٹر راشدقریشی، ڈائریکٹر آرفن کیئر پروگرام یوسف محی الدین نے اظہار خیال کیا ،اس وقع پر سینئر منیجرریسورس موبلائزیشن عنایت اللہ اسماعیل،سینئر منیجرایچ آر فرید احمد بھی موجود تھے۔ تقریب میں بچوں ان کی ماو ں اور ان کے سرپرستوں نے شرکت کی۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی نے میٹرک میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے پر باہمت بچوں اوران کی ماو ں کو مبارکباددی اور طلبہ وطالبات سے کہا کہ آپ نے کامیابی کا پہلا قدم اٹھایا ہے،آپ کی زندگی کے آئندہ چار سال بہت اہم ہے۔ میٹرک کے امتحانات کے بعد بہت سے بچوں نے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرلیا ہوگا کہ تعلیمی میدان میں آپ نے کیا کرنا ہے ۔انہوں نے ماو ں سے کہا کہ بچوں کے اندر جو رجحان اور صلاحیت ہے ،انہیں اسی فیلڈ کو اختیار کرنے دیں۔ رزق کاوعدہ اللہ نے کیا ہے،وہی رزق دیتا ہے۔ رزق کو کسی شعبے سے مت جوڑیں۔ انہوں نے بچوں سے کہا کہ امید ہے کہ آپ کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔راشد قریشی نے کہا کہ یہ دنیاوی کامیابیاں ہیں،اصل کامیابی آخرت کی کامیابی ہے،جس کیلئے آپ نے محنت کرنی ہے ۔ کامیابی کیلئے انتھک محنت ضروری ہے ۔آپ کا اصل ہدف آخرت کی تیاری ہونا چاہیے۔
راشد قریشی نے کہا کہ دنیا امتحان گاہ ہے،اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے احکام کے مطابق زندگی گزارنے میں ہی دنیا اور آخرت کی کامیابی ہے ۔ الخدمت آپ نے ساتھ ہے اور آئندہ بھی رہے گی ۔ڈائریکٹر آرفن کیئر پروگرام یوسف محی الدین نے کہا کہ ماضی میں بورڈ کے امتحانات کا بہت خوف ہواکرتا تھا ، طلبہ گھبراہٹ کا شکار ہو تے تھے۔ آج بھی یہ صورتحال برقرار ہے۔کامیابی کی جو مسرت آ ج آپ کے چہروں پر ہے اس کی کوئی مثال نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا معرکہ ہے جو آپ نے سر کیا ہے ۔ اپنی ماو ں کی قدر کریں جو ہر مشکل وقت میں آپ کیلئے قربانیاں دیتی ہیں۔ ماؤں کا ادب کریں۔ان کا سہارا بنیں۔
انہوں نے کہا کہ آ ج کا دور خوش قسمت دور ہے، جب تعلیم کے دروازے آپ کے لیے کھلے ہیں۔ آپ کسی بھی یونیورسٹی میں دا خلہ لے سکتے ہیں۔آج کی تقریب کا مقصد آپ کی کامیابی پر اللہ سے تشکر کا اظہار ہے ،جو لوگ منزل کی جانب بڑھتے ہیں ،اس کیلئے منازل آسان ہوتی جاتی ہیں ۔ یوسف محی الدین نے کہا کہ ضروری نہیں ہر بچہ ڈاکٹر بنے ،آج کا دور ہنر حاصل کرنے کا دور ہے۔ الخدمت اپنے اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر میں مختلف کورسز سکھا رہی ہے،جو آپ کرسکتے ہیں۔الخدمت انگلش لینگویج کورسز کروارہی ہے۔ الخدمت اکیڈمک اسکالرشپ اور بنو قابل جیسے پروگرام آپ کے ساتھ ہے ۔