کراچی(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا کہ مفت آئی ٹی کورسز کاالخدمت بنو قابل پروگرام بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری کے طوفان میں نوجوانوں کو مایوسی سے نکالنے کے لیے اُمید بن چکا ہے ،کراچی میں اب تک 55کیمپس قائم کرچکے ہیں جہاں سے ہزاروں نوجوان مختلف کورسز کرکے اپنے پاؤں پر کھڑے ہورہے ہیں ، پاکستانی نوجوانوں کو مایوس ہوکر ملک چھوڑنے کی ضرورت نہیں بلکہ سیکھنے ، قابل و با صلاحیت بننے اورمعاشی استحکام کے لیے زرمبادلہ کمانے کی ضرورت ہے۔ آئی ٹی کے میدان میں پاکستان بہت پیچھے ہے اور ہماری حکومتوں کو ملک کے مستقبل کی کوئی پرواہ نہیں،حکمران ملک وقوم کے نام پر قرضے لے کر لوٹنے میں لگے ہیں اور ملک معاشی بحران کا شکار ہے ،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے تحت فری آئی ٹی کورسزکے لئے آئی آئی چندریگر روڈ ریلوے گراؤنڈ میں بنوقابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ 4.0 میں شریک ہزاروں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر امیرجماعت اسلامی ضلع جنوبی سفیان دلاور ، صدر کراچی چیمبر آف کامرس جاوید بلوانی ،سابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سعد خالد نیاز،قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔وسیع و عریض ریلوے گرائونڈ میں 10ہزار طلبہ و طالبات سے تحریری ٹیسٹ لیا گیا ۔تقریب میں مختلف سماجی شخصیات و کارکنان ، کمیونیٹیزکے صدور ، چیئرمین کے ایم اے پروٹیک طاہر رومی،جماعت اسلامی ضلع جنوبی حلقہ خواتین کی ناظمہ شبنم امیر،معین خان کی اہلیہ سمیت خاتون سماجی شخصیات نے بھی شرکت کی ۔ منعم ظفرخان نے مہمانوں کو یادگاری سوئینیر پیش کئے۔
منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ بنوقابل پروگرام کے تین کامیاب بیچ مکمل ہونے کے بعد چوتھے بیچ کاآغاز کیا جارہا ہے اور کراچی کے ہر ڈسٹرکٹ میں ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ کا عمل جاری ہے،الخدمت بنوقابل سے آئی ٹی کورسز کرنے والے اب ڈالرز میں کمانے لگے ہیں یہی نوجوان قابل بن کر ملک کو معاشی بحران سے نکالیں گے، الخدمت اور جماعت اسلامی کراچی کی ہرآبادی میں کیمپس قائم کرکے پورے کراچی کے نوجوانوں کو بنوقابل پروگرام سے استفادہ کا موقع دے رہے ہیں۔جماعت اسلامی ڈسٹرکٹ ساؤتھ کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے کہ یہاں پانچ ماہ کے دوران دوسرا ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ منعقد کیاجارہاہے، ہزاروں نوجوان اس وقت زیر تعلیم ہیں جبکہ مزید ہزاروں کو رجسٹرڈ کیا جارہاہے۔
سفیان دلاور نے مہمانانِ گرامی کا شکریہ اداکیا اور کہاکہ پانچ ماہ کے دوران لیاری ،کلفٹن اور کیماڑی میں بنو قابل کے پانچ کیمپس بن چکے ہیں جہاں کورسز جاری ہیں دو مزیدکیمپس کا گارڈن اور صدر میں جلد افتتاح کردیاجائے گا ۔ہمارا ہدف ہے کہ تمام رہائشی علاقوں میں بنو قابل کے کیمپس قائم ہوں تاکہ ہر نوجوان خود کفیل بن سکے ، جاوید بلوانی نے کہاکہ ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ میں اتنے منظم انداز میں شریک نوجوان لڑکے لڑکیوں کو دیکھ کر حوصلہ ملا کہ کوئی ہے جو نوجوانوں کو صحیح سمت میں منظم کررہاہے انہوں نے الخدمت کراچی کے منتظمین کو مبارکباد دی اور کہاکہ نیکی کے اس کام میں سب کو مل کر حصہ لینا چاہیے۔
ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے کہاکہ ایک دن میں بیک وقت کراچی کے تین بڑے میدانوں میں ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ کا انعقاد ثبوت ہے کہ بنوقابل اب برانڈ بن چکاہے۔ جوکام حکومتوں کے کرنے کا ہے وہ الخدمت کررہی ہے، صاحب ثروت افراد کو چاہیے الخدمت کیساتھ دست تعاون بڑھائیں، الخدمت کی یہ خدمت پاکستان کے نوجوانوں کے لئے بہترین اور انہیں ترقی کی راستہ دکھارہی ہے کامیاب اور منظم پروگرام پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتاہوں، معین خان نے کہاکہ حافظ نعیم الرحمن اور الخدمت کی پوری ٹیم مبارکبادکی مستحق ہے جس نے کراچی کے نوجوانوں کو جمع کرکے جینے کی اُمید دلادی ہے۔ اس سے بڑاکوئی اور کام ہو نہیں سکتا کہ قوم کا مستقبل محفوظ کیا جائے اور اپنے نوجوانوں کو باصلاحیت اور قابل بناکران کے پاؤں پر کھڑاکیاجائے۔