کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے کہاہے کہ حکمرانوں نے 26ویں ترمیم ملک وقوم کی بہتری نہیں بلکہ اپنے ذاتی مفادات کی تکمیل کے لیے پاس کرائی، جماعت اسلامی نے اس کو کالعدم قرار دینے کی درخواست سپریم کورٹ میں جمع کرادی ہے اس کے خلاف آئینی و عوامی سطح پر جدوجہد جاری رکھے گی۔
کرپٹ و جعلی اسمبلی نے ترمیم کے ذریعے عدلیہ پر شب خون مارا ہے۔ انسدادِ دہشتگردی ترمیمی بل بنیادی حقوق کے خلاف ورزی ہے۔ سندھ پرامن دھرتی ہے، سندھ کے امن و حقوق کے خلاف کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک منہاج القرآن کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کے دوران کیا۔
اس موقع پر درگاہ رحمت پور کے سجادہ نشین ودیگر منتظمین نے صوبائی امیر کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پہنایا۔ انہوں نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی اتحاد امت کی داعی جماعت ہے جوکہ ملک میں شریعت کے نفاذ، نفرتوں کے خاتمے اور اصلاح معاشرہ کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ ملک بھر میں حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں جماعت اسلامی نے رابطہ عوام ممبر سازی مہم شروع کر رکھی ہے۔