تبدیلی سرکار نے ہر چیز بدل کر رکھ دی ہے، غریب کا چولھا ٹھنڈا اور پیٹ خالی ہے،حافظ محمد ادریس


لاہور(صباح نیوز)جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما حافظ محمد ادریس نے کہا کہ دنیا اور آخرت کی حقیقی کامیابی اللہ کی اطاعت میں ہے ۔ملک میں قرآن اور سنت کا نظام نافذ ہوتا تو آج مایوسی نہیں ہر طرف خوشحالی ہوتی قرآن و سنت کا نظام ہی سیدھا راستہ دکھاتا ہے اور مخلوق خدا کے ساتھ بھلائی کا درس دیتا ہے۔ آج دنیا طاغوتی اور فرعونی قانون کی بدولت ذلیل و خوار ہو رہی ہے۔ سودی نظام نے غریب ممالک اور غریب لوگوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ مذہب میں اسلام قبول کرنے کی کوئی عمر مقرر نہیں،اللہ جب توفیق دیتا ہے انسان سیدھا راستہ اختیار کر لیتا ہے۔ ملک میں مہنگائی بے روزگاری کا طوفان برپا ہے ہر چیز غریب کی پہنچ سے دور ہو گئی ہے۔ تبدیلی سرکار نے ہر چیز بدل کر رکھ دی ہے۔ غریب کا چولھا ٹھنڈا اور پیٹ خالی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ ادریس نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے عوام ایک ایک پائی کے محتاج ہو گئے ہیں۔ مہنگائی نے عام آدمی سے قوت خرید چھین لی ہے۔ ہر روز اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ نے لوگوں کو ذہنی مریض بنا دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ عوام کے اندر حکمرانوں کے خلاف غصے اور مایوسی کا لاوا پک رہا ہے۔ پی ٹی آئی غریبوں کو روٹی اور بے روزگاروں کو نوکریاں دے۔ حکومت غریب مکاؤ پالیسی ترک کریں اور عوام بچاؤ کا راستہ اپنائے۔

انھوں نے کہا کہ حکومت کو مدینہ کی ریاست کا  نام لینا زیب نہیں دیتا جس ملک میں اسلامی اشعار کے ساتھ چھیڑ چھاڑ اور ظلم و جبر کے ذریعے عوام کے لیے چند نوالوں کا حصول مشکل بنا دیا جائے وہاں مدینہ کی ریاست کا نام نہیں لینا چاہیے۔ مدینہ کی ریاست دنیا کے لیے رحمت اور عدل وانصاف کا گہوارہ تھی، لوگ رات کو بھوکے نہیں سوتے تھے، انصاف ہر فرد کو مل رہا تھا۔ انھوں نے کہا کہ دین میں اسلام قبول کرنے کے لیے عمرکا کوئی تعین نہیں۔ حکمران یہود ی ایجنڈے کو آگے نہ بڑھائیں۔