جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کے نو منتخب امیر حافظ طاہر مجید کی حلف برداری تقریب کا انعقاد

حیدرآباد( صباح نیوز)  جماعت اسلامی کے سینئررہنما وسابق ایم این اے اسداللہ بھٹو نے کہا کہ پاکستان کو دیانت دار اور باصلاحیت قیادت کی ضرورت ہے جو ملک کو سیاسی ومعاشی اور آئینی بحران سے نکال کر عوام کے مسائل حل کرسکے اور ملک کو ترقی کی راہ پر ڈال سکے، الحمد اللہ حافظ نعیم الرحمن میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ وہ ملک کو استحکام دے سکتے ہیں۔جماعت اسلامی ایک منظم جماعت ہے جو اسلام کے عادلانہ ومنصفانہ نظام کے لیے معروض وجود میں آئی اورواحد جماعت ہے جس میں ہر سطح کے امراء واراکین شوریٰ کا باقاعدگی سے انتخاب اور استصواب ہوتا ہے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے مرکزتبلیغ اسلام میں منعقدہ نومقررامیرضلع کی حلف برداری تقریب سے خطاب میں کیا،اس موقع پرنئے امیرضلع حافظ طاہرمجید نے اپنی ذمے داری کا حلف لیا۔تقریب میں صوبائی رہنما عبدالوحیدقریشی،سابق امیرعقیل احمدخان ودیگر ذمے داران وکارکنان بڑی تعداد میں شریک تھے۔اسداللہ بھٹونے کہاکہ حافظ نعیم کی قیادت میں جماعت اسلامی نے ملک بھرمیںالقدس کانفرنسوں کاانعقاد کرکے مسئلہ فلسطین کی طرف حکمرانوں کو توجہ دلائی جس سے مظلوم فلسطینیوں کو بھی حوصلہ دیا ہے فلسطین و کشمیر کا مسئلہ ہمارا اپنا اورپوری امت کامسئلہ ہے ہ۔جماعت اسلامی اس پر اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

 جماعت اسلامی حیدرآباد کے نومنتخب امیر حافظ طاہر مجید نے خطاب کرتے ہوئے کارکنان کو تلقین کی کہ وہ اپنے نصب العین کی سعی کے لیے ہمہ تن مصروف ہوجائیں یونٹ کی سطح پر تنظیم کو مضبوط کریں اور رابطہ عوام کا عمل تیز تر بناتے ہوِئے نئی ممبر سازی مہم پر توجہ دیں، یہ ذمہ داری کوئی معمولی زمہ داری نہیں ہے اور میری اولین ترجیح جماعت اسلامی کی دعوت کو عام کرنا ہے۔ میں اللہ تعالیٰ سے دعا گو ہوں کہ پروردگار مجھے استقامت عطائ  فرمائے اور اپنے منصبی کاموں کو بخوبی تکمیل کرنے کے ہمت اور مدد عطائ  فرمائے۔

سابق ہونے والے امیر عقیل احمد خان نے کہا کہ ہمیں ٹیم اسپرٹ سے کام کرنا ہوگا مجھے خوشی ہے کہ چار سالہ دور ہم نے حیدرآباد جماعت کے بیت المال کو متوازن رکھا اور کسی کے مالی مقروض نہیں ہوئے مجھے یقین ہے کہ جماعت اب مزید مالی طور پر بہت اچھی پوزیشن میں آئے گی بلکہ اس شہر کی قیادت کرکے عوام کو مایوسی کے اندھیروں سے نکالے گی۔ عبدالوحیدقریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی واحد دینی وسیاسی اور جمہوری جماعت ہے جس میں روایت کا تسلسل برقرار ہے ملک کو مستقبل جماعت اسلامی ہی سنوار سکتی ہے عوام اِدھر ادھر بھٹکنے کے بجائے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔تقریب کے اختتام پر تمام شرکائ  نے امیر ضلع حافظ طاہر مجید کو استقامت کی دعائیں دیں