حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے اپنے اللے تللے کو پورا کرنے کے لیے بجلی گیس اورپٹرول پرمختلف ٹیکسزلگاکر عوام کا تیل نکالنے میں مصروف ہے، کاشف سعید شیخ

کراچی(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے پی ڈی ایم حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںکمی کی بجائے اضافہ کوافسوس ناک قراردیتے ہوئے کہاکہ جعلی مسلط کردہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے اپنے اللے تللے کو پورا کرنے کے لیے بجلی گیس اورپٹرول پرمختلف ٹیکسزلگاکر عوام کا تیل نکالنے میں مصروف ہے۔ملک میں جاری معاشی بحران کے خاتمے اورعوام کو ریلیف دینے کے لیے ضروری ہے  کہ پڑوسی ممالک ایران وافغانستان سے قوائدوضوابط کے مطابق بارڈرٹریڈ کوفروغ اورکسی کی پرواہ کئے بغیرپٹرول کے ساتھ سستی گیس  کے لیے پاک ۔ایران گیس پائپ منصوبے پرعمل کیاجائے۔

انہوں نے  ایک بیان میں کہاکہ  قیمتوں میں اس ردوبدل کا سبب عالمی سطح پر تیل کے نرخوں میں اتار چڑھائو بتایا گیا ہے حالانکہ بین الاقوامی نرخوں میں پانچ فیصد کمی کی اطلاعات ہیں اس کے باوجود یہاں اضافہ عوام دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے کیونکہ پٹرول قیمتوں اضافہ سے بار برداری کے کرایوں میں اضافہ ہو گا جس سے منافع خوروں کو اشیائے خوردنی کی قیمتیں بڑھانے کا جواز مل جائے گا جس سے براہ راست عام آدمی متاثر ہوگا ظلم ونانصافیوں کے مارے عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں ،ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں ناقابل برداشت ہونے کی بڑی وجہ حکومت کی عائد کردہ لیوی ہے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی بھی مالی سال کی پہلی سہ ماہی یعنی جولائی سے ستمبر تک اس مد میں سب سے زیادہ یعنی 261ارب 69کروڑ روپے وصول ہوئے جو متوقع ہدف سے 39ارب 62کروڑ روپے زیادہ ہیں۔  یہ ایک حقیقت ہے کہ حکومت اگر لیوی کم کر دے تو پٹرولیم مصنوعات کے نرخ بھی کم ہوسکتے ہیں۔صوبائی امیرنے زوردیاکہ حکومت عوام پرٹیکسوں کی بھرمارسے بجلی گیس پٹرول مہنگاکرکے عوام سے عزت کے ساتھ جینے کا حق چھیننے کی بجائے اپنی عیاشیاں ختم اورسادگی وکفایت شعاری کی پالیسی کوفروغ دیکرعوام کو ریلیف دیا جائے کیونکہ ریاست مان جیسی ہوتی ہے۔