کراچی(صباح نیوز) چیئرمین گلشن ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے کہاہے کہ خلوص نیت کے ساتھ جو بھی کام کیا جائے اس میں اللہ تعالی آسانیاں پیدا کرتا ہے،گلشن کو گلشن بنانے کا جو عزم کیا تھا الحمدللہ اب اسکا دائرہ کار گلی محلوں سے وسیع ہوکر جامعات تک پہنچ چکا ہے جو مزید وسیع ہوکر گلشن ٹاؤن کو مثالی ٹاون بنائے گا ترقیاتی سفر میں عوامی خدمت کے اس سفر میں لوگ جوق در جوق ہمارے ساتھ شامل ہورہے ہیں،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر خالد محمود عراقی کے ہمراہ جامعہ کراچی میں بلدیاتی کاموں کی سرا نجام دہی کیلئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کر تے ہوئے کیا ۔ گلشن اقبال ٹاؤن جامعہ کراچی میں محکمہ فوڈ سائنس سے متصل نیلم روڈ کی استرکاری ، اسٹریٹ لائیٹس کی تنصیب و درستگی اور شجرکاری کا فریضہ سر انجام دیگا ، چیئرمین گلشن ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ ہمارا مقصد گلشن اقبال ٹاون کو دوبارہ سے پاکستان کا بہترین ٹاون بنانا ہے ، جس کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کیا چکا ہے،الحمدللہ اب تک لوگوں کا تعاون ہمارے ساتھ ہے،مفاہمتی یاداشت پر دستخط کے بعد جامعہ کراچی میں ترقیاتی کاموں کے بعد ہزاروں طالب علموں بشمول اساتذہ مستفید ہوسکیں گے.
جامعہ کراچی کے وائس چانسلر خالد محمود عراقی نے اس موقع پر کہا کہ چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد اور ان کی پوری ٹیم مبارکباد کے مستحق ہیں جس تن دہی اور ایمانداری کے ساتھ یہ اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں اس سے ہمیں امید ہے کہ انشااللہ یہ اپنے مقاصد میں کامیاب ہو جائیں گے ۔ جامعہ کراچی سب کی ہے یہاں جتنا بہترین انفراسٹرکچر ہوگا اس سے سب بھرپور طریقے سے مستفید ہوسکیں گے ،ڈاکٹر فواد احمد نے ایک اچھی روایت ڈالی ہے جس پر ان کے تہہ دل سے مشکور ہیں.
اس موقع پر محکمہ فوڈ سائنس کے چیئرمین ڈاکٹر محمد عبدالحق، جامعہ کراچی کے پروفیسرز، اساتذہ ، یوسی 6 کے چیئرمین ناصر اشفاق، ایکسی این بی اینڈ آر راشد فیاض و دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں