کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ قومی اداروں کو سستے داموں بیچنے اور لاکھوں ملازمین کو بیروزگار کرنے کی حکومتی عوام دشمن پالیسی ناقابل قبول ہے، اسٹیل ملز کو بند کرکے پہلے ہی ہزاروں ملازمین کو بیروزگار کیا گیا اب پاکستان پوسٹ میں 3500 ملازمین کو نوکری سے نکالاگیاہے ،وزیراعظم شہباز شریف کپڑے بیچ کر مہنگائی ختم کرنے کا دعویٰ کررہے تھے لیکن اب پورے ملک کو بیچا جارہا ہے ، جماعت اسلامی ممبر شپ مہم کے ذریعے لاکھولوگوں کو اپنے ساتھ جوڑ کر عوامی طاقت بنے گی اور حافظ نعیم الرحمن کی حق دوعوام کو مہم کے ذریعے حکمرانوں سے عوامی حقوق کی بحالی کیلئے جدوجہد جاری رہے گی، سندھ حکومت نے کروڑوں کے اشتہارات جاری کردیئے مگر ابھی تک سیلاب متاثرین کو گھر نہیں مل سکے ہیں جبکہ جماعت اسلامی نے الخدمت فائونڈیشن کے ذریعے سندھ میں متاثرین کیلئے بہترین گھر بناکراپنا وعدہ پورا کردیا ہے، جب بھی سندھ کے لوگوں پر کوئی مصیبت یا مشکل آئی ہے جماعت اسلامی نے ان کی بھرپور مدد کی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دادو میں جماعت اسلامی کے نومنتخب شدہ امیر عبدالرحمان منگریو کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر مولانا واحد بخش ببر، امتیاز چانڈیو سمیت دیگرمقامی ذمہ داران بھی موجود تھے۔ کاشف سعید شیخ نے مزید کہا کہ نجکاری کے منفی اثرات ملکی معیشت، عوامی فلاح اور ملازمین پر پڑتے ہیں، نجکاری کے عمل سے لاکھوں ملازمین کا روزگار ختم ہورہا ہیکیوں کہ خانگی شعبے کا بنیادی مقصد کم افرادی قوت کے ذریعے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کرنا ہوتا ہے۔کے الیکٹرک اور آئی پی پیز کی مثال ہمارے سامنے موجود ہے مہنگی بجلی کے ذریعے عوام کی جیبوں پر کھربوں روپے کا ڈاکہ ڈالنے کے باوجود آج بھی لوڈشیڈنگ جاری ہے اور صارفین کو بدترین سروس فراہم کی جارہی ہے۔حکومت کو عوام دشمن پالسیوں کو ختم کرکے عوامی مفاد کو ترجیح دینا چاہئے تاکہ ملک اقتصادی طور پر مستحکم اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنایا جاسکے۔کاشف سعید شیخ نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی (حق دو عوام کو تحریک) کے ذریعے کراچی تا کشمور عوام کو ڈاکو راج،اسٹریٹ کرائم اور وڈیروں کے مظالم سے بچانے کیلئے جدوجہد کررہی ہے اس سلسلے میں مسلسل احتجاجی مظاہرے اور مختلف اضلاع میں ہمارے دیگر سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کے ساتھ ملکر دھرنے جاری ہیں۔
دادو سمیت سندھ بھر کے عوام ہر مرتبہ شہیدوں کے نام پر پ پ کو ووٹ اور سپورٹ کرتے ہیں لیکن اقتدار میں آنے کے بعد پ پ عوام کو بھول جاتی ہے،تیل،گیس اور کوئلے کی دولت سے مالا مال سندھ کے عوام جدید دور میں بھی بنیادی انسانی سہولتوں سے محروم اور بھوک بدحالی کا شکار ہیں جبکہ وزیروں اور مشیروں کی دولت میں بے تحاشہ اضافہ ہورہا ہے۔ اب ظلم اور زیادتیوں کا سلسلہ بند ہونا چاہئے سندھ کے عوام وڈیراشاہی نظام اور کرپٹ سیاستدانوں کی بجائے جماعت اسلامی کے صالح اور دیانتدار قیادت پر بھروسہ کرکے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ ان کے مسائل حل اور مشکلات کا ازالہ ممکن ہوسکے۔