ترک فلاحی تنظیم آئی ایچ ایچ کے وفد کا الخدمت فاؤنڈیشن کے ہیڈ آفس کا دورہ


لاہور(صبا ح نیوز)ترک فلاحی تنظیم آئی ایچ ایچ کے وفد نے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا۔آئی ایچ ایچ کے کنٹری ہیڈ مرات کاواکدان کی سربراہی میں وفد نے نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان  ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ، سیکرٹری جنرل شاہد اقبال  اورایگزیکٹوڈائریکٹر خبیب بلال سمیت دیگر ذمہ داران سے ملاقات کی۔

دوطرفہ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن اورآئی ایچ ایچ کے مابین کئی سالوں پر محیط دیرینہ تعلقات ہیں۔ ترکی اور پاکستان کی دو اہم غیر منافع بخش تنظیموں کے درمیان اس دوستانہ، برادرانہ اور سب سے اہم پیشہ ورانہ شراکت داری نے مہارت اور وسائل کو یکجا کرنے کے مواقع پیدا کیے ہیں جو زیادہ مؤثر طریقے سے ضرورت مندوں کو امداد فراہم کررہے ہیں۔

بعد ازاںوفد کوا لخدمت فاؤنڈیشن کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرایاگیا۔واضح رہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن جہاں وطنِ عزیز میں کفالت یتامی،صحت عامہ، صاف پانی، تعلیم، مائیکروفنانس، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور کمیونٹی سروسزجیسے پروگرامات کے ذریعے ضرورت مندوں کی خدمت کو یقینی بنا رہی ہے۔وہیں  بین الاقوامی سطح پر بھی  دیگر بین الاقوامی فلاحی تنظیموں کے تعاون سے مصیبت زدہ افراد تک پہنچ کر ان کی ہر ممکن مدد کررہی ہے۔