حیدر آباد(صباح نیوز)میڈیا کا درست استعمال قوموں کی ترقی میں بھر پور کردار ادا کرتا ہے ۔ہم داعی دین ہیں اور ہمیں اپنی دعوت کو ہر ایک تک پہنچانے کے لیے تمام وسائل کا استعمال کرنا ہے ۔میڈیا اس میں بہترین معاون ہے ۔ شعبہ نشرو اشاعت کا مقصد بھی یہی ہے اور اس شعبہ سے منسلک ہر کارکن کو انتہائی حساس و زمہ دار ہونا چاہیے کہ ہماری طرف سے جو بھی اطلاع جائے وہ معتبر ہو برحق ہو ۔ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی سندھ کی صوبائی نگراں نشر و اشاعت صائمہ افتخار نے حیدرآباد میں منعقدہ ناظمات اضلاع کے سہ ماہی کارکردگی اجلاس میں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے بعد سوشل اور ڈیجٹل میڈیا نے خبر کی رفتار اور رسائی آسان کردی ہے جس کی وجہ سے رائے عامہ کی تشکیل میں روائتی میڈیا کی گرفت کمزور ہوگئی ہے ۔ اس وجہ سے ہماری ذمہ داری بڑھ گئی ہے ۔جماعت اسلامی کے ہر قدم سے مکمل و درست آگاہی کے ساتھ اس کا بیانیہ پیش کرنا اور حالات حاضرہ پر گہری نظر رکھتے ہوئے اپنے اہداف کی طرف سفر جاری رکھنا شعبہ کی اہم ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اضلاع میں کاموں کی صورتحال کا جائزہ لیا اور نئی نگرانات کا تقرر کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ مکمل جواب دہی کے احساس کے ساتھ اپنی زمہ داریاں احسن طریقہ سے ادا کریں گی۔