عوامی وجمہوریت کی دعویدار پارٹی عوام کی مشکلات کو کم کرنے کی بجائے اقتدار کی خاطر سندھ کے مفادات کی سودے بازی کرتی ہے۔ کاشف سعید شیخ

کراچی(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ 26 ویں ترمیم ملک و قوم کے لیے نقصان دہ ہے۔ حکومتی ٹولے نے یہ سب کچھ اسٹیبلشمنٹ کی آشیر واد پر اپنی مرضی کے ججز اور مرضی کے فیصلے لینے کے لیے کیا ہے جماعت اسلامی اس ترمیم کے خلاف قانونی و عوامی جدوجہد کرے گی۔خوشحال سندھ 71 فیصد گیس اور 57فیصد تیل نکالنے کے باوجو نااہل و کرہٹ قیادتِ کی وجہ سے سندھ کے عام غربت و افلاس اور محرومیوں کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔ آج بھی سندھ 70لاکھ سے زیادہ معصوم بچے اسکولوں سے باہر گیراج، مکینک اور مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔ پیپلزپارٹی سندھ کے عوام سے ووٹ تو لیتی ہے مگر کام نہیں کرتی۔ عوامی وجمہوریت کی دعویدار پارٹی عوام کی مشکلات کو کم کرنے کی بجائے اقتدار کی خاطر سندھ کے مفادات کی سودے بازی کرتی ہے۔ارسا ایکٹ میں صدر زرداری کے دستخط سے ترمیم اس کی واضح مثال ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ کونسل ہال میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نئے امیر ضلع جیکب آباد ابوبکر سومرو نے اپنی امارت کا حلف لیا جبکہ سابق امیر ضلع دیدار علی لاشاری سمیت دیگر ذمے داران اور شہر کی سیاسی و سماجی شخصیات بھی تقریب میں شریک تھیں۔ اس قبل مہمان خصوصی کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک و ٹوپی پیش کیا گیا۔

صوبائی امیر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پیپلزپارٹی کو چوتھی بار اقتدار کا موقعہ ملا ہے سندھ پھر بھی مسائل کا شکار ہے عوام زندگی کی بنیادی سہولیات محروم اور شہروں کا انفراسٹرکچر نظام تباہ ہے۔ سندھ میں کرپشن ڈاکو راج اور اغوا انڈسٹری نے ترقی کی ہے جس میں حکومت سمیت  پولیس بااثر افراد اور ڈاکووں کو اپنا اپنا حصہ ملتا ہے۔ حکومت آج ہی طے کرلے تو جرائم کا خاتمہ اور امن امان بحال ہوسکتا ہے۔ اس لیے دیانتدار قیادت اور اچھی حکمرانی کے ذریعے ہی سندھ صوبہ اور اس میں بسنے والے عوام کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ جماعت اسلامی واحد دینی وسیاسی اور جمہوری جماعت ہے جس میں مقام سے لیکر مرکز تک باقاعدہ انتخابات ہوتے ہیں۔