کراچی(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر اتوار کو کشمیر پر غاصبانہ قبضے اور بھارتی مظالم کیخلاف جماعت اسلامی سندھ کی جانب سے کراچی تا کشمور یوم سیاہ منایاگیا
صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا کے مطابق کراچی، حیدرآباد،سکھر،دادو، جیکب آباد،لاڑکانہ،کنری، شہدادکوٹ،کندھ کوٹ، شکارپور،تھرپاکر،بدین،ٹنڈوآدم،
جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے جیکب آباد میں ڈسٹرکٹ کونسل ہال سے پریس کلب تک ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 27اکتوبر 1947ع کو کشمیر پر بزور قوت قبضہ کرکے وہاں کے مسلمانوں پر ظلم اور جبر کی انتہاکردی ہے، مودی سرکار نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے عملی طور پر 1909دن سے کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کرکے رکھ دیا ہے، آج انسانی حقوق کے نام نہاد دعویدار امریکہ سمیت مغربی طاقتیں یوکرین کی روس کیخلاف مزاحمت کو جائز اور ہر قسم کااسلحہ فراہم کررہے ہیں مگر کشمیری اور فلسطینی عوام کی جانب سے جارح اور قابض بھارت اسرائیل کیخلاف مزاحمتی تحریکوں کو دہشتگرد قرار دیکر مسلمانوں کے ساتھ دشمنی کا کھلا ثبوت فراہم کیا ہے ایسی منافقت کی پالیسی سے ان کا دہرا معیار واضح ہوچکا ہے۔تاریخی طور پرسندھ کی سرحدیں تک تھیں بھارت دریائے سندھ کا پانی روک کر سندھ کو بھی بنجر بنانا چاہتا ہے اسلئے سندھ کے عوام کشمیری عوام کی جدوجہد میں برابر کی شریک ہیں۔ صوبائی امیر نے پرزور مطالبہ کیا کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیر میں ہونے والے مظالم کا نوٹس لیکر اقوام متحدہ کی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حق خودارادیت کا موقع دیا جائے۔
اس موقع پر ضلعی امیر ابو بکر سومرو، دیدارلاشاری اور امداد اللہ بجارانی نے بھی خطاب کیا۔کندھ کوٹ میں صوبائی رہنما حافظ نصراللہ عزیز کی قیادت میں گھنٹہ گھر چوک سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی ،حافظ نصراللہ نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد اور قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی اور کشمیری عوام عنقریب بھارتی سامراج کے مظالم سے آزادی حاصل کریں گے۔ ضلعی امیر غلام مصطفی میرانی،عمر فاروق چنا اور عبید اللہ گولو نے بھی خطاب کیا۔ لاڑکنہ میں جناح باغ تا پریس کلب منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے ضلعی امیر نادرعلی کھوسو،قاری ابو زبیر جکھرو اور مقامی امیر رمیر راجہ شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے جس پر ہمارے ازلی دشمن بھارت نے ناجائز قبضہ کیا ہوا ہے اور گذشتہ 77سالوں سے کشمیری عوام کی نسل کشی کررہا ہے اور ہمارے بے حس حکمران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔عوام بیداری کا مظاہرہ کریں اور اپنے حصے کا کام کریں،کشمیری عوام کی مدد کرنا ہماری مذہبی اور قومی ذمہ داری ہے۔
جماعت اسلامی ٹنڈومحمد خان کی جانب سے الفتاح چوک تا پریس کلب احتجاجی ریلی نکالی گئی جس سے صوبائی رہنما عبدالقدوس احمدانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27اکتوبر 1947ع جموں کشمیر کے عوام کیلئے سیاہ ترین دن ہے جب بھارت نے تقسیم ہند کی سراسر خلاف ورزی کرتے ہوئے اکثریتی مسلم ریاست پر زبردستی قبضہ کرلیا،مودی اور بی جے پی کی فاشسٹ حکومت نے 05اگست2019ع کو کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کرکے پوری وادی کو عملا عقوبت خانے میں تبدیل کردیا ہے لاکھوں کشمیری بھارتی جیلوں میں بدترین مظالم سہ رہے ہیں جبکہ حریت رہنمائوں کو شہید کیا جارہا ہے،کشمیر میں اظہاررائے کی آزادی، انٹرنیٹ سمیت تمام ذرائع ابلاغ بند اور بنیادی انسانی حقوق پامال کئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر ضلعی امیر حافظ لعل محمد سولنگی،مولانا عامر منصوری اور اکرم بیگ نے بھی خطاب کیا۔
جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر سیدعلی مردان شاہ نے 27 آکتوبر یوم سیاہ اور یکجہتی کشمیر ریلی کے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27 آکتوبر 1947 جمعوں کشمیر اور انسانی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے 27 اکتوبر بھارت نے غیر قانونی طور پر جموں کشمیر میں فوجی قبضہ جمایا۔آج یوم سیاہ کے موقع پر بھارت نوشتہ دیوار پڑھ لے بھارتی فوج کے ہر طرح کے ظالمانہ تھکنڈوں کے باوجود کشمیری اپنے حق خودارادیت کیلئے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، پاکستانی قوم بھی اس جدوجہد میں کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اس موقع پر اللہ بچایو ہالیپوٹہ فتح خان کھوسہ و دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔جماعت اسلامی ٹنڈآدم کے تحت پریس کلب پر 27 اکتوبر کی مناسبت سے بھارت کی کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ کے نائب امیر مشتاق احمد عادل اور امیر شہر عبدالستار انصاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم نے فرمایا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے لیکن انڈیا اپنے ناپاک عزائم کے تحت کشمیر پر بھارتی افواج کے ذریعے قابض ہے ۔#