اسلام آباد (صباح نیوز) مقبوضہ کشمیر پر بھارتی فوج کے غیر قانونی قبضے کو 77 سال مکمل ہوگئے، کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کے لئے اسلام آباد میں ریلی نکالی گئی، شرکا نے دفترخارجہ سے ڈی چوک تک مارچ کیا۔ بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر مقبوضہ کشمیر اور اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہر ے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔
اسلام آباد میں وزارت امور کشمیر کی جانب سے احتجاجی ریلی کا اہتمام کیا گیا، ریلی میں کشمیریوں، عام شہریوں، سکولوں کے بچوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ریلی کے شرکا نے دفتر خارجہ سے ڈی چوک تک مارچ کیا، ریلی کے شرکا نے کشمیر اور پاکستان کے جھنڈے، پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جبکہ شرکا نے بھارت کے خلاف نعرے بازی کی۔
وفاقی وزیر امور و کشمیر امیر مقام نے کہا کہ بھارت کے غیرقانونی اور شرمناک عمل کو ہمیشہ سیاہ دن کے طورپریاد رکھا جائے گا، اقوام متحدہ کشمیر اور فلسطین میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لے۔حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے بھارت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ نہتے کشمیری عوام بھارت کی دہشت گرد فوج کا مقابلہ کررہے ہیں، ایک دن آئے گا کہ یہ یوم سیاہ یوم فتح میں تبدیل ہوجائے گا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ڈپٹی کنوینئر فاروق رحمانی سمیت دیگرنے بھی ریلی سے خطاب کیا، چیئرمین کشمیرکمیٹی رانا قاسم نون، ممبر کشمیر کمیٹی سردار محمد یوسف اور انجم عقیل بھی شریک ہوئے۔اہل کشمیر کا نعرہ ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے وزارت اطلاعات نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر نغمہ جاری کر دیا۔نغمے میں مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہارکیا گیا، نغمے کی عکسبندی میں مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھارت کے مظالم کو اجاگر کیا گیا۔