لاڑکانہ( صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے ایران پر اسرائیل کے فضائی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کہ عالمی شیطان امریکہ کی سرپرستی اور سہولتکاری سے ناجائز صہیونی ریاست نے پوری دنیاکے امن کو تہ وبالا کرنے کا تہیہ کرلیا ہے، برادر اسلامی ملک پر دوسری مرتبہ فضائی حملے نے اسرائیل کے ناپاک اور مذموم مقاصد کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے، عالم اسلام خاموش تماشائی بننے کی بجائے ناجائز یہودی ریاست کیخلاف جائز اقدامات کرے ورنہ فلسطین، لبنان، شام اور ایران کے بعد کسی دوسرے اسلامی ملک کی باری بھی آسکتی ہے۔موجودہ حکمران ٹولے نے جس طرح سے 26ویں ترمیم کے ذریعے عدلیہ کے اختیارات کو محدود اور سینئرموسٹ جج منصورعلی شاہ کی بجائے جونیئر جج کو لگایا ہے اس سے لگتا ہے کہ سپریم کورٹ کو بھی اپنے گھر کی باندی بنانا چاہتے ہیں جس کیخلاف جماعت اسلامی نے بھرپور احتجاج اور ترمیم کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ میں نومنتخب امیر ضلع ایڈوکیٹ نادر علی کھوسہ کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق امیر ضلع قاری ابو زبیر جکھرو،لاڑکانہ بار کے سابق صدر ایڈوکیٹ عاشق دھامراہ اور مقامی امیر رمیز راجہ شیخ نے بھی خطاب کیا۔ کاشف سعید شیخ نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ سندھ کے عوام اور صوبے کی مفادات کیخلاف ہر قسم کی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے اپنا بھرپور سیاسی کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی دریائے سندھ پر مزید چھ کینال اور ہاکس بے سمیت سندھ کے قیمتی زمینوں کو عسکری اداروں کے حوالے کرنے کیخلاف جدوجہد جاری رہے گی۔