کراچی(صباح نیوز)سندھ ہائیکورٹ نے 12 سال سے لاپتہ انٹر میڈیٹ کے لاپتہ طالب علم کی بازیابی کے لئے دائر درخواست پر موثراقدامات کی ہدایت کردی،سماعت 4 ہفتوں کے لئے ملتوی کر دی گئی ۔جمعہ کو 12 سال سے لاپتہ انٹر میڈیٹ کے طالب علم کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سندھ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔عدالت نے طالبعلم کی بازیابی کے لیے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے سماعت 4 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔دورانِ سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ لاپتہ شہری کون تھا؟ کیا کام کرتا تھا؟۔
درخواست گزار کے وکیل نے جواب دیا کہ محمد فیصل انٹرمیڈیٹ کا طالب علم تھا،جو 2012 سے مومن آباد کے علاقے سے لاپتہ ہے، کسی نمبر سے فون کال آتی تھی اور کہا جاتا تھا کہ فیصل ہمارے پاس ہے۔عدالت نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ شہری کی بازیابی سے متعلق کیا کارروائی کی گئی ہے؟ ۔تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ بازیابی کے لئے متعدد جے آئی ٹی اجلاس، صوبائی ٹاسک فورس اجلاس ہو چکے،
محمد فیصل کسی لڑکی سے رابطے میں تھا، نمبر کا سی ڈی آر کرایا گیا تو معلوم ہوا جس کے نام پر سم ہے وہ پیرس میں مقیم ہے۔عدالت نے کہا کہ اگر شہری کا کوئی کریمنل ریکارڈ ہوتا تو پولیس کی تحویل میں ہوتا۔عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہری کی تصاویر پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر شائع کریں۔عدالت نے درخواست کی سماعت 4 ہفتوں کے لئے ملتوی کر دی۔