ٹیکس دہندگان کو دوستانہ ماحول فراہم کیا جائے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹیکس اور محصولات کے نظام کو مثر بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال انتہائی اہم ہے، ٹیکس دہندگان کو دوستانہ ماحول فراہم کیا جائے۔جمعرات کو وزیر اعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر میں اصلاحات کی پیشرفت کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آر کے افسران کی پیشہ وارانہ استعداد میں اضافہ اور اسے موثر طور پر بروئے کار لانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

وزیراعظم نے پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ کی تعمیر نو کے لئے لائحہ عمل تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹیکس اور محصولات کے نظام کو مثر بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال انتہائی اہم ہے۔وزیراعظم نے ملک میں سمگلنگ کی روک تھام کے نظام کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایف بی آر میں ٹیکس دہندگان کے لئے دوستانہ ماحول فراہم کیا جائے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے متعلقہ افسران کو تمام ایف بی آر اصلاحات کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔