اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی 79 ویں سالگرہ کا دن ہمیں اقوام متحدہ چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے حصول کے عزم کے اعادہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے ، اقوام متحدہ کے چارٹر کا منصفانہ طریقے سے نفاذ بھی ایک بڑا چیلنج ہے ۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ آج اقوام متحدہ کی 79 ویں سالگرہ کا دن ہمیں اقوام متحدہ چارٹر کے اصولوں اور مقاصد کے حصول کے عزم کے اعادہ کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات ، جغرافیائی و سیاسی تنا میں اضافہ اور گلوبل ساتھ کی گہری ہوتی اقتصادی مشکلات عالمی نظام کے بڑے چیلنجوں کی نشاندہی کرتے ہیں ، اقوام متحدہ کے چارٹر کا منصفانہ طریقے سے نفاذ بھی ایک بڑا چیلنج ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی حق خود ارادیت کی قراردادوں کے باوجود بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر اور فلسطین جیسے تنازعات اب بھی حل طلب ہیں۔جب تک اقوام متحدہ کی بنیادی دستاویز کی دفعات کو نظر انداز کیا جائے گا، بحران مزید گہرے ہوتے جائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ کے اس دن پر کثیرالجہتی کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں ، ہم اس دنیا کو سب کے لیے ایک بہتر جگہ بنانے کے لیے اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے جہاں تمام لوگوں کے حقوق بالخصوص جائز اور ناقابل تنسیخ حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والوں کو ان کے حقوق دلائے جا سکیں ۔