اسلام آباد(صباح نیوز)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 25اکتوبربروز جمعہ اپنی ریٹائرمنٹ سے قبل آج (جمعرات کو) آخری دن کمرہ عدالت نمبر 1میں کیسز کی سماعت کریں گے۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس نعیم اخترافغان اورجسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل 3رکنی بینچ فائنل اور سپلیمنٹری کاز لسٹ میں شامل کل9کیسز کی سماعت کرے گا۔ جبکہ بینچ دومقدمات کے محفوظ کئے گئے فیصلے بھی کھلی عدالت میں سنائے گا۔ جبکہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 25اکتوبر کوکیسز کی سماعت نہیں کریں گے
تاہم ان کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر جمعہ25اکتوبر کو دن ساڑھے 10بجے سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر1میں فل کورٹ ریفرنس کاانعقاد کیا جائے گا۔فل کورٹ ریفرنس سے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، سپریم کورٹ کے سینئرترین جج جسٹس سید منصورعلی شاہ، پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین سینیٹر فاروق حمید نائیک اور صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن بیرسٹر محمد شہزادشوکت خطاب کریں گے۔ واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس عمر عطابندیال نے اپنی ریٹائرمنٹ سے قبل فل کورٹ ریفرنس لینے سے انکارکردیا تھا۔