سندھ حکومت و پولیس ناکام ، کراچی کے شہری ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر ہیں ،منعم ظفر خان

کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے گزشتہ شب مسلح ڈکیتی کی واردات میں ڈاکوؤں کی فائرنگ کا نشانہ بننے والے فرحان خان کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ فرحان گلشن معمار سے سرجانی جاتے ہوئے مسلح ڈاکوؤں کا شکار ہوا ۔ نماز جنازہ مسجد قاسم سرجانی ٹاؤن سیکٹر 7ڈی میں ادا کی گئی ، منعم ظفر خان نے مقتول فرحان کے بھائی فیصل خان اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات و تعزیت کی ، ان کے ہمراہ سٹی کونسل کے رکن قاضی صدر الدین ، سیکریٹری ضلع شمالی شکیل احمد اور آصف محفوظ بھی موجود تھے ۔ واقع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار ، مرحوم کی مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبر ِ جمیل کی دعا کی ۔

؎اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل اور لوٹ مار ، مسلح ڈاکوؤں کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کی روک تھام میں سندھ حکومت ، محکمہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ناکامی کی شدید مذمت کی اور کہا کہ کراچی پولیس چیف کراچی میں جرائم میں 50فیصد کمی کا دعویٰ کر رہے ہیں لیکن صورتحال اس کے برعکس ہے ۔محکمہ پولیس کی کارکردگی کا یہ حال ہے کہ رواں برس 44ہزار سے زائد ڈکیتی و لوٹ مار کی وارداتیں ہوئیں اور مزاحمت پر100 سے زائدشہری اپنی جان گنوابیٹھے ،شہر میں ایک بار پھر سے اسٹریٹ کرائمز ، مسلح ڈکیتی کی وارداتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا ہے ، شہریوں کی  جان و مال محفوظ نہیں ، محکمہ داخلہ اور متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر رہے اور عوام کو ڈاکوئوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے ۔