تعلیم سے ہی دنیا میں قومیں ترقی کرتی ہیں ،کاشف سعید شیخ

کراچی ( صباح نیوز)  جماعت اسلامی سندھ کے امیرکاشف سعید شیخ نے سندھ میں70لاکھ سے زائد بچوں کا اسکول سے باہررہنے پرتسلسل کے ساتھ چوتھی بار برسراقتدارپیپلزپارٹی حکومت کے لیے لمحہ فکریہ قراردیتے ہوئے زوردیا ہے کہ سندھ حکومت تعلیم کے فروغ بچوں کی بھترتعلیم وتربیت،طبقاتی تعلیم کے خاتمے اوراساتذہ سمیت تعلیمی اداروں میں مطلوبہ سہولیات کے فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔تعلیم سے ہی دنیا میں قومیں ترقی کرتی ہیں مگر یہاں باربار تعلیمی ایمرجنسی کے باوجود ملک بھرمیں اسکول سے باہر بچوں کی تعداد میںمسلسل تشویشناک اضافہ حکمران ٹولے کی عدم دلچسپی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

جماعت اسلامی اقتدارمیں آکرطبقاتی تعلیم کا خاتمہ کرکے یکساں نظام تعلیمی نظام نافذکرے گی۔ان خیالات کااظہارانہوں نے تنظیم اساتذہ صوبہ سندھ کے صدر پروفیسر رئیس احمد منصوری کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد نے امیرِ صوبہ کو تنظیم اساتذہ پاکستان صوبہ سندھ کی سرگرمیوں کے متعلق آگاہی دی جسے امیر صوبہ نے سراہا اور مزید بہتری کی طرف توجہ دلائی۔جنرل سیکرٹری سندھ پروفیسر عبدالحفیظ احمدانی اور صوبائی پریس سیکرٹری مشرف کریم بھی وفد میں شامل تھے۔صوبائی امیرنے مزید کہاکہ دیانتدار قیادت کے فقدان کی وجہ سے بجلی کوئلہ وگیس سمیت زراعت کی دولت سے مالامال سندھ کے بچے تعلیم سے محروم عوام غربت وافلاس کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔