بھارتی یونیورسٹی نے  35کشمیری طلبا  کو معطل کر دیا


نئی دہلی:بھارتی ریاست راجستھان کے شہر چتورگڑھ میں واقع میواریونیورسٹی نے ادارے کی امتیازی پالیسیوں کے خلاف احتجاج میں حصہ لینے پر 35کشمیری طلبا  کو معطل کر دیا ہے ۔ احتجاج کرنے والے طلبا کو بھارتی حکام نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے زیراقتدار ریاست میں معطل کر دیا۔

اس واقعے نے بھارتی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم کشمیری طلبا  کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک پر تشویش پیدا کردی ہے۔یونیورسٹی کے اقدام نے غم و غصے کو جنم دیا ہے جس سے کشمیری طلبا اور بھارتی حکام کے درمیان کشیدگی پائی جاتی ہے۔طلبا راجستھان نرسنگ کونسل اور انڈین نرسنگ کونسل کی جانب سے پروگرام کی منظوری کے حوالے سے اپنے خدشات کا اظہار کرتے رہے ہیں جس سے پروگرام میں داخلہ لینے والے 45کشمیری طلبا  کے تعلیمی مستقبل کو خطرہ لاحق ہے۔

جموں و کشمیر سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے طلبا  کی معطلی کی مذمت کرتے ہوئے یونیورسٹی کے سخت موقف پر گہری تشویش کا اظہار کیاہے ۔ ایسوسی ایشن نے کہاکہ بی جے پی حکومت کے حکم پر یونیورسٹی حکام خوف و ہراس پیدا کر رہے ہیں اور بھارتی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم کشمیری طلبا  کے حقوق چھین رہے ہیں۔ مقبوضہ جموں وکشمیرکی طلبا  یونین نے حکام پر زور دیا کہ وہ ان طلبا  کے تعلیمی مستقبل کا تحفظ کریں۔