سندھ دھرتی اولیائے اللہ کی سرزمین ہے ،اسداللہ بھٹو

کراچی(صباح نیوز)ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر سابق ایم این اے اسداللہ بھٹو نے کہاہے کہ سندھ دھرتی اور اولیائے اللہ کی سرزمین ہے جن کا باب الاسلام سندھ میں دعوت دین اور اصلاح معاشرہ کے لیے بڑا کردار ہے۔ حکومتی غفلت کی وجہ سے آج پرامن و خوشحال سزمین سندھ میں غربت و افلاس اور ڈاکوئوں کا راج قائم ہے کسی کی جان و مال محفوظ نہیں۔ کراچی تا کشمور سندھ کے عوام اس ظلم کے راج کے خلاف سراپا احتجاج ہیں مگر انتظامیہ سمیت پوری حکومتی مشینری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے درگاھ منگھو پیر کے دورے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے سجادہ نشین عبدالمجید خاصخیلی سے ہمشیرہ کی وفات پر تعزیت کی ان کے بیٹے دانیال خاصخیلی اور مجاہد چنا بھی ساتھ موجود تھے۔اسداللہ بھٹو نے کہاکہ اللہ کے ولیوںنے ہمیشہ امن ومحبت ،بھائی چارے اورانسانیت کی خدمت کا درس دیا،اولیاء اللہ کی تعلیمات سے متاثر ہوکر بے شمار لوگوں نے اسلام قبول کیااور ہدایت کی روشنی سے سرفراز ہوئے۔