مظفر آباد(صباح نیوز)امیر حزب المجاھدین اور متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ سید صلاح الدین نے حماس کے سربراہ شہید یحیی السنوار کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ملت اسلامیہ کے قائد تھے،یحیی السنوار کی عظیم شہاد ت رواں تحریک آزادی فلسطین کی بقا کی ضامن اور قبلہ اول کی بازیابی کی نویدہے
حماس کے عظیم قائد کی شہادت پر اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہاکہ اسلامی تحریک مزاحمت کے نڈر ،مدبر،مربی اورہردلعزیز کمانڈر غاصب صیہونی فورسز کے ساتھ ایک خونریز معرکے میں شہید ہوئے ،تحریکی قائدین شہید اسماعیل ہنیہ اور شہید حسن نصراللہ کے بعد یحیی السنوار کی شہادت اگر چہ بہت ہی دلخراش تکلیف دہ سانحہ ہے لیکن یہی شہاد ت عظمی رواں تحریک آزادی فلسطین کی بقا کی ضامن اور قبلہ اول کی بازیابی کی نوید ہے ،انہوں نے کہاکہ ان عظیم شہداء کی عظمت،استقامت اور ایثار کو لاکھوں سلام، جن کے اوپر 75 ہزار ٹن سے زائد زہریلا بارود برسایا گیا اور ہنوز برس رہاہے اور جن کے جگرگوشوں اور عزیز واقارب کی بھسم شدہ گرد آلود لاشیں ان کی آنکھوں کے سامنے بے گور و کفن بکھری ہوئی پڑی ہیں،جن کے مکانات ،تعمیرات اور متائے حیات ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکے ہیں لیکن ان کے ہمالیائی عزم و استقامت کو لغزش تک نہیں آئی ۔
جہاد کونسل کے سربراہ نے کہاکہ قبلہ اول کے تقدس اور ملت اسلامیہ کے آبرو پر سب کچھ نچھاور کرنے والے یہ اہلیان فلسطین اور ان کے معاونین تاریخ انسانی کا ایک سنہری باب رقم کرتے ہوئے بارگاہ رب العالمین میں سرخرو اور ابدی کامیابی سے ہمکنار تو ہوہی رہے ہیں لیکن عالم اسلام کے عیاش اور تماشائی بالخصوص عرب دنیا کے بزدل اور بے غیرت حکمرانوں کو میدان محشر میں خدائے زوالجلال کے سامنے جوابدہی کے رسوا کن مقام پر کھڑا کرنے کے بعد ،ویسے بھی ان عیاش حکمرانوں سے کسی فوجی امداد کی توقع تو تھی ہی نہیں لیکن کم ازکم حمیت اسلامی کے تقاضوں کے مطابق ظالم ،قاتل صَیہونی ریاست اور اس کے آقاوں کے ساتھ شاہ فیصل مرحوم کی طرح تعلقات ہی منقطع کرتے وہ بھی کافی تھا برعکس اس کے یہ ناعاقبت اندیش حکمران اس بے رحم اور خونخوار سامراج کے آلہ کار و مددگار بنے ہوئے ہیں
ان ان کو نہیں معلوم کہ گریٹر اسرائیل کا اژدہا ان سب کو ہڑپ کرنے کے لئے منہ کھولے ہوئے گھات لگا کر بیٹھا ہوا ہے ،سید صلاح الدین نے اللہ تعالی سے دعاء کی کہ وہ عالم اسلام کی نظریاتی اور جغرافعیائی سرحدوں کو ان درندہ صفت قوتوں کی دست درازی سے محفوظ رکھے انہوں نے کہا کہ ملت مظلومہ جموں وکشمیر اور مجاہدین شہادت کے اس سانحہ پر اپنے فلسطین کے بہن بھائیوں کی تکلیف اور غم میں برابر کے شریک ہیں اور اللہ تعالی سے دعاگو ہیں کہ فلسطین کے عوام جلد اپنے وطن کی آزادی اور قبلہ اول کی بازیابی کی کامیابی سے ہمکنار ہوں۔