سرینگر:مقبوضہ جموں وکشمیرمیں قابض بھارتی فوج نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں اتوار کو ضلع بارہمولہ میں ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔ قابض فوج نے نوجوان کو ضلع کے علاقے اوڑی میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک جعلی مقابلے میں شہید کیا۔
آخری اطلاعات آنے تک علاقے میں فوجی آپریشن جاری تھا۔ علاوہ ازیں جموں خطے میں ایک 30سالہ شخص چلتی ٹرین سے گر کر ہلاک ہوگیا ۔ ریلوے پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ اس شخص کی لاش جموںشہر کے مضافات میں چنی کے مقام پر اوور ہیڈ برج کے قریب ریل کی پٹری سے ملی ہے جس کا سر کچلا ہوا تھا۔انہوں نے بتایا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم اور شناخت کے لیے جموں کے گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال منتقل کیا گیاہے۔
ضلع ڈوڈہ میں ایک لوڈ کیریئر سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں گرنے سے دو افرادجاں بحق اور تین شدید زخمی ہوگئے۔حکام نے بتایاکہ یہ حادثہ ہفتے کونصف شب کے قریب پہاڑی علاقے گندوہ میں بٹاراگائوںکے قریب پیش آیا۔ان کا کہنا تھا کہ حادثے میں پانچ افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں20سالہ شکیل احمد اور18سالہ محمد صیام زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔