کراچی (صباح نیوز)الخدمت کے شعبہ والنٹیئرمینجمنٹ تحت ریسکیو 1122 اوراسٹڈی ایڈ پراجیکٹ کے تعاون سے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی)میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ٹریننگ ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا جس میں الخدمت رضاکاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر رضاکاروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے،انسانی زندگیوں کو محفوظ بنانے اورفرسٹ ایڈ کی فراہمی سے متعلق تربیت دی گئی ۔رضاکاروں میں کالج اور یونیورسٹیز کے طلبہ شامل تھے جنہوں نے بڑی دلچسپی سے تربیتی عمل میں حصہ لیا اورالخدمت کے اس اقدام کو سراہا۔ریسکیو 1122کے ماہر ٹرینرز نے ٹریننگ دی ۔ٹریننگ کے اختتام پر اسناد تقسیم کی گئیں ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت رضاکاروں کو انسانی جان بچانے کیلئے مہارتوں سے آراستہ کرنا چاہتی ہے تاکہ یہ رضاکار ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت حاصل کرسکیں اور مشکل حالات میں گھبرانے کے بجائے اس سے نکلنے میں مدد گار ثابت ہو ں۔انہوں نے کہا کہ الخدمت اس سلسلے میں پرعزم اور یہ تمام رضاکاروں کو تربیت فراہم کر رہی ہے ۔
ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ قاضی سید صدرالدین نے کہا کہ الخدمت کا ڈیزاسٹر کے شعبے میں رضاکاروں کا کام دہائیوںپر محیط ہے۔ا س کے بعد سیکڑوں رضاکار 2005 کے زلزلزے میں پھر سیلاب اور بارشوں میں خدمت کی تاریخ رقم کرچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رضاکار جذبے سے کام کرتا ہے اور اس کے نزدیک انسانیت کی خدمت سب سے اولین مقصد ہوتا ہے۔ڈائریکٹروالنٹیئر مینجمنٹ یوسف محی الدین نے کہا کہ تمام رضاکاروں کو کامیابی سے تربیت گاہ مکمل کرنے مبارکباد دیتا ہوں ،
انہوں نے کہا کہ خدمت کرتے وقت آپ کے پیش نظر رب کی رضا ہونی چاہیے ،جب ہم اس سوچ کے ساتھ کام کریں گے تو اللہ ہمارے تمام کاموں میں برکت عطا کر یں گے اور اس سے نیکیوں کا حصول ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ تربیت کا مقصد یہ ہے کہ آپ کے اندر اعتماد اورصلاحیت پیدا ہواور آپ ہنگامی صورتحال میں لوگوں کی خدمت کرسکیں۔