سندھ کے پانی پر ڈاکہ زنی، 73کے متفقہ آئین سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے عوام کو منہ دکھانے کے قابل بھی نہیں رہیں گے، کاشف سعید شیخ

کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ سندھ کے پانی پر ڈاکہ زنی، 73کے متفقہ آئین سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے اپنے کالے کرتوتوں کی وجہ سے عوام کو منہ دکھانے کے قابل بھی نہیں رہیں گے، صدر زرداری کی جانب سے ارسا  ایکٹ کی منظوری اور سندھ اسمبلی سے مخالفت میں قرارداد پاس کرنا پیپلزپارٹی کی دوغلی پالیسی اور ڈرامے بازی کے سوا کچھ بھی نہیں ہے، کارونجھر پہاڑ کی کٹائی، بحریہ ٹائون، ڈی ایچ اے کو زمینوں کی بندبانٹ اور دریائے سندھ سے مزید چھ کینال نکالنے میں جیسے سیاہ کارنامے پیپلزپارٹی کی مقتدرقوتوں کو خوش کرنے کی کوشش ہے ، جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے ہم نے ہر مشکل وقت میں سندھ کے عوام کی بڑھ چڑھ کر خدمت کی ہے وقت آگیا ہے کہ اب سندھ کے لوگ بھی وڈیروں اور جاگیرداروں، کرپٹ سیاستدانوں کی غلامی ترک کرکے جماعت اسلامی کے ہاتھ مضبوط کریں، جماعت اسلامی کے ضلعی امراء اور مقامی قیادت عوام سے رابطہ مہم کو مزید تیز کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  لاڑکانہ اور سکھر ڈویزن کے ضلعی امرا کے آن لائن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں رابطہ عوام ممبر شپ مہم سمیت دیگر تنظیمی امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کاشف سعید شیخ نے مزید کہا کہ سندھ صوبے پر گذشتہ سولہ سالوں سے بلاشرکت غیرے حکمرانی کرنے والوں نے سندھ میں ڈاکو راج، اغوا انڈسٹری کو ختم کرنے کی بجائے مزید تقویت دیکر سندھ کو جرائم کا گڑھ بنادیا ہے، عام آدمی کو امن ،روزگار، مہنگائی سے نجات  دلانے کی بجائے حکمران خاندان اپنی دولت میں اضافے ،26آئینی ترمیم کے ذریعے سپریم کورٹ پر چڑھائی کرکے کس کو خوش کرنا چاہتے ہیں ؟عوام اب ان کی مسلسل کرپشن اور بدترین حکمرانی سے تنگ آچکے ہیں08 فروری کے انتخابات میں حکمران ٹولے کی بدترین شکست اس کا واضح ثبوت ہے،فارم 47کے ذریعے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے والے حکمران 73کے متفقہ آئین کو دفن کرکے ملک کو انارکی اور خانہ جنگی کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں لیکن محب وطن سیاسی قوتیں اور عوام ان کے عزائم کو خاک میں ملادیں گے۔ جماعت اسلامی کے امیر نے ضلعی قیادت پر زور دیا کہ اس وقت سندھ کے عوام موجودہ حکمران جماعت سے بیزار ہیں اسلئے گلی محلے اور بازاروں میں ممبرشپ مہم کے ذریعے لوگوں سے رابطہ کرکے جماعت اسلامی کی دعوت اور پیغام پہنچاکر اپنا کارکن بنانے کیلئے بھرپور کوشش کریں۔