اجتماعی کاوشوں سے ہم چھاتی کے سرطان میں کمی لاسکتے ہیں محمد شہباز شریف

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چھاتی کا سرطان دنیا بھر میں خواتین کو سب سے زیادہ متاثر کرنے والا کینسر ہے ، میں تمام سٹیک ہولڈرز بالخصوص میڈیا سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے قومی سطح پر ایک جامع اور مربوط آگاہی مہم کے لیے کوششیں مزید تیز کریں،اجتماعی کاوشوں سے ہم اس میں کمی لاسکتے ہیں۔ہفتہ کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نیچھاتی کے کینسر کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا کہ ہم چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی بڑھانے بالخصوص خواتین میں اس کی بروقت  تشخیص و علاج کی ضرورت پر زور دینے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چھاتی کا کینسر دنیا بھر میں خواتین کو سب سے زیادہ متاثر کرنے والا کینسر ہے اور افسوسناک بات یہ ہے کہ زیادہ تر اموات کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک میں ہوتی ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے ملک کو چھاتی کے کینسر کی تشخیص اور علاج کی سہولیات کی دستیابی میں اہم چیلنجز کا سامنا ہے۔ تاہم، ہم ابتدائی تشخیص اور مثر علاج سے اس کا مقابلہ کر سکتے ہیں، کیونکہ اگر چھاتی کے کینسر کی ابتدائی مراحل میں تشخیص ہو جائے تو مستقل صحت یاب ہونے کا 98 فیصد امکان ہوتا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ آگاہی بڑھانے کے لیے وقف کوششوں کے ساتھ، خواتین کو باقاعدہ خود معائنہ کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے، ہم نے چھاتی کے کینسر کے ابتدائی مرحلے کے کیسز کی رپورٹنگ میں اضافہ دیکھا ہے، جو خوش آئند پیشرفت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ میڈیا اس سلسلے میں آگاہی بڑھانے کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ میں تمام اسٹیک ہولڈرز بالخصوص میڈیا سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس بیماری کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے قومی سطح پر ایک جامع اور مربوط آگاہی مہم کے لیے کوششیں مزید تیز کریں۔وزیر اعظم نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ اپنی کوششوں سے ہم پاکستان میں چھاتی کے کینسر سے ہونے والی اموات کو نمایاں طور پر کم کر سکتے ہیں اور تمام خواتین کے لیے صحت مند مستقبل کی امید فراہم کر سکتے ہیں۔