گلشن ٹاؤن میں اختیارات اور وسائل کی نچلی سطح پر منتقلی، گلشن ٹاؤن ، ڈی واٹرنگ پمپس،فیومیگیشن مشینیں اور لوڈنگ وہیکلز یوسیز کے سپرد

کراچی(صباح نیوز)چئیرمین گلشن ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد ملک کے پہلے ٹاؤن چئیرمین بن گئے ہیں جنہوں نے آئین پاکستان کے آرٹیکل 140 اے کے عین مطابق اختیارات اور وسائل کو نچلی سطح پر منتقل کردیا ہے اس سلسلے میں گلشن ٹاؤن آفس میں منعقدہ تقریب میں مہمان خصوصی امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے چئیرمین ڈاکٹر فواد احمد کے ہمراہ بلاتفریق گلشن ٹاؤن کی آٹھوں یونین کمیٹیز میں فیومیگیشن مشینز،ڈی واٹرنگ پمپس اور لوڈنگ وہیکلز تقسیم کیں.

اس موقع پر  تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر نے کہا کہ اختیارات اور وسائل کو نچلی سطح پر منتقل کرنا بلدیاتی نظام کی اصل روح ہے جسے پہلی مرتبہ ڈاکٹر فواد احمد نے عملی شکل دی ہے ،جماعت اسلامی نے اختیارات سے بڑھ کر کام کرنے کا جو عزم کیا تھا اس کی عملی شکل جماعت اسلامی کے ٹاؤنز میں نظر آرہی ہے تاحال جماعت اسلامی کے نو ٹاؤنز میں 110 زبوں حال پارکس بحال کرنے کے ساتھ 40 ہزار اسٹریٹ لائٹس کو روشن کر دیا گیا ہے جبکہ بڑے پیمانے پر سڑکوں ،گلیوں کے انفراسٹرکچر کو بھی بحال کر دیا گیا ہے ،حکومت سندھ سے گزارش کرتے ہیں کہ اختیارات اور وسائل کو نچلی سطح پر منتقل کریں جبکہ شہر کی جو موجودہ صورتحال ہے اس کی بحالی کیلئے بلاتخصیص ہر ٹاؤن کو پانچ ارب روپے کی اسپیشل گرانٹ دی جائے ،بلدیہ عظمی کراچی ٹاؤنز اور یوسیز کو مضبوط کرنے کیلئے اسی طرح فنڈنگ کرے جس طرح سٹی ناظم نعمت اللہ خان کیا کرتے تھے.

چئیرمین گلشن ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے اس موقع پر کہاکہ بلاتفریق ہر یونین کمیٹی کو آج مشینریز فراہم کی جارہی ہیں جس کے بعد وہ باآسانی مختلف بلدیاتی خدمات سر انجام دے سکیں گے،امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کے وژن کے تحت اختیارات سے بڑھ کر فرائض سر انجام دے رہے ہیں ،محدود وسائل کے باوجود گلشن کو گلشن ٹاؤن بنانے کیلئے ریکارڈ توڑ کام کئے ہیں جس کا عملی ثبوت آج مشینریز کی یوسیز کی منتقلی کی صورت میں آپ کے سامنے ہے ہر یوسیز کو مشینری حوالے کرنے کے ساتھ دو مشینریز ٹاون کے اسپیشل گینگ کو دی جائیں گی جن کو  ضرورت کے مطابق استعمال میں لایا جائے گا انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا اس طرح کے بہت سے کام جاری رکھ کر گلشن کو مثالی ٹاؤن بنا کر دم لیں گے.بعد ازاں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے چئیرمین گلشن ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد ودیگر کے ہمراہ مشینریز کی چابیاں یوسیز کے منتخب نمائندوں کے حوالے کیں اس موقع پر  وائس چئیرمین گلشن ٹاؤن ابراہیم صدیقی ،ٹاؤن کے افسران سمیت یوسی چئیرمین،وائس چیئرمین اور ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی۔۔