کراچی (صباح نیوز)گلشن اقبال کی ہر یونین کونسل کو ہنگامی منصوبے کے تحت لوڈنگ وہیکل، ڈی واٹرنگ پمپ اور فیومیگیشن مشین فراہم کی جائے گی تاکہ مسائل کا فوری سدباب ہوسکے ۔ اس سلسلے میں تقریب جمعہ 18 اکتوبر کو شام پانچ بجے گلشن ٹاؤن آفس میں ہوگی ۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان ہر یو سی چیئرمین کو یہ تینوں مشینیں حوالے کریں گے ۔
گلشن ٹاؤن کے چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ گلشن اقبال کے رہائشی کی حیثیت سے ہمیں یہاں کے مسائل کا بخوبی اندازہ ہے اور ہم ان کی وجوہات سے بھی آگاہ ہیں ۔ یونیورسٹی روڈ پر ریڈ لائن کے ٹریک کی تعمیر کی وجہ سے سڑکوں کی زبوں حالی اور سیوریج کے مسائل کا شکار ہیں ۔لیکن ہم نے طے کیا ہے کہ ان مسائل کے باوجود ہم بہتری کی کوشش جاری رکھیں ۔اس حوالے سے ہم نے ایک کرش پروگرام ترتیب دیا ہے ۔
جس کا مرکزی نکتہ یہ ہے کہ نچلی سطح پر یوسیز کو با اختیار بنایا جائے اس حوالے سے ہم نے درج ذیل چیزیں طے کی ہیں ۔ ہر یوسی کو ایک لوڈنگ وہیکل فراہم کی جائے. ہر یو سی کو ایک عدد ڈی واٹرنگ پمپ فراہم کیا جائے گا تاکہ نالوں کی صفائی کا مسئلہ فوری حل ہوسکے ہر یوسی کو ایک عدد فیومیگیشن مشین فراہم کی جائے گی تاکہ وقتا فوقتا ڈینگی کے سدباب کے لئیے فوری اسپرے ہوسکے ۔اس پروجیکٹ کی فوری تکمیل کے لئیے بروز جمعہ 18 اکتوبر شام 5 بجے ایک تقریب گلشن ٹاؤن آفس میں منعقد ہورہی ہے۔