سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن و استحکام اور اقتصادی ترقی کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔میرواعظ نے سرینگر میں ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ تنازعہ کشمیر ہے جسکا حل دنوںملکوں کے درمیان خوشگوا ر تعلقات کیلئے ضروری ہے۔انہوںنے کہا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت کشمیریوں کی شناخت ختم کرنے کے در پے ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے اپنے ووٹ کے ذریعے بی جے پی حکومت کے 2019کے غیر قانونی اقدامات کو مسترد کردیا جن کی وجہ سے کشمیریوں بہت متاثر ہوئے۔انہوںنے کہا کہ بھارت کیطرف سے 370اور35اے کی دفعات ختم کرنے کے غیر قانونی اقدام کی وجہ سے تنازعہ کشمیر عالمی سطح پر مزید اجاگر ہوا۔میر واعظ نے مزید کہا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ علاقے کے زمینی حقائق تسلیم کر کے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بات چیت کا راستہ اختیار کرے ۔
دریں اثنامیر واعظ عمر فاروق نے شیخ سید عبد القادر جیلانی کے عرس پاک کے موقع پر قدیم تاریخی آستانہ عالیہ خانیار شریف سرینگر ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب میں بھارت میں اقلیتوں خاص طور پر مسلمانوں کی حالت زار تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمان مسلسل خوف ودہشت کے ماحول میں جی رہے ہیں۔انہوں نے مسلمانوں کے قتل، انکے خلاف پائے جانے والے تعصب، بلڈوز مہم کے ذریعے ان کے گھروں اور مساجد کی مسمار ی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے حکمرانوں پر زور دیا کہ وہ اقلیتوں کو نشانہ بنانے والی امتیازی پالیسیاں بند کریں۔میر واعظ نے وقف ترمیمی بل کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مسلمانوںکوبے اختیارکرنے کی کسی بھی کوشش کی بھر پورمزاحمت کی جائے گی۔
میر واعظ نے عالمی سطح پر مسلمانوں کو درپیش چیلنجز پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کی سنگین صورتحال نہ صرف مسلمانوں بلکہ پوری انسانیت کے لیے تکلیف دہ ہے۔انہوں نے شیخ عبدالقادر جیلانی کی تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم ان تعلیمات پر توجہ مرکوز کرکے اپنے خالق کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط بنا سکتے ہیں۔انہوں نے مساجد کے کردار اور اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اسلام میں مساجد محض عبادت گاہیں نہیں ہیں بلکہ مسلمانوں کے مذہبی، سماجی، اقتصادی اور سیاسی امور کے حوالے سے رابطے کا ذریعہ بھی ہیں۔ عرس پاک کی تقریبات میں مقبوضہ وادی کشمیر کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے ہزاروں لوگوںنے شرکت کی۔یاد رہے کہ میر واعظ عمر فاروق نے2019کے بعد پہلی مرتبہ آستانہ عالیہ خانیار میں حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی کے عرس پاک کی تقریبات میں شرکت کی اوراپنے مواعظ حسنہ سے عام لوگوںکو مستفید کیا۔