کراچی ( صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہا ہے کہ ملک اس وقت تقسیم در تقسیم کی بھیانک ترین صورتحال سے دوچار نظر آرہا ہے، ایسی میں جماعت اسلامی کا واضح موقف ہے کہ اسلام و پاکستان پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوسکتا چاہے اندونی اثرات ہوں یا بیرونی مسائل ہوں۔اس بات کا اظہار انہوں نے قبا آڈیٹوریم میں جماعت اسلامی سندھ کے نو منتخب امیر کی حلف برداری کے موقع پر کیا۔
قبل ازیں نو منتخب امیر جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے آئندہ تین سالہ مدت کے لیے صوبہ سندھ کی امارت کا حلف اٹھایا۔اس موقع پر سینئر رہنما اسداللہ بھٹو، منعم ظفر سمیت کراچی تا کشمور سندھ بھر سے ذمہ داران بڑی تعداد موجود تھی۔ ڈاکٹر اسامہ رضی نے کاشف شیخ کو استقامت کے دعائیہ کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے قدیم علاقے لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے تعلیم یافتہ نوجوان قائد کی سربراہی میں جماعت اسلامی غلبہ دین کی جدوجہد کو مزید تیز کرے گی۔سبکدوش ہونے والے امیر صوبہ محمد حسین محنتی نے بھی پیرانہ سالی کے باوجود اپنی ذمہ داری کا حق ادا کیا ہے یہی جماعت اسلامی کی روایت ہے۔
انہوں نے کہاکہ مشرق وسطیٰ کی جنگ ایران تک پہنچ چکی ہے جو پاکستان کا پڑوسی ہے دوسری جانب ہمارے جنرل صحافیوں کو بلاکر اپنے اسلحے کی زنگ لگ جانے کی بات کررہے ہیں۔ سابق امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے بھی اس موقع پر 6سالہ دور امارت کے سفر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انسان ہونے کے ناطے ذمہ داری کی ادائیگی کی جتنی کوشش ہو سکیں انکو ادا کیاگیا۔
جماعت اسلامی کے ساتھ تعلق آخری سانس تک رہے گا جس محاذ پر نظم کھڑا کرے گا اپنا سب کچھ اس مشن کے لیے وقف کریں گے۔ جماعت اسلامی ملک کی واحد دینی وسیاسی جماعت ہے جو موروثیت سے پاک ہے جہاں قیادت کی تبدیلی کا باقاعدہ ایک منظم طریقے کار موجود ہے۔اس موقع پر نائب قیم محمد مسلم نے نظامت کے فرائض جبکہ سینئر رہنما اسداللہ بھٹو نے اختتامی دعا کرائی۔