مظفرآباد (صباح نیوز)آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈاپور کے خلاف کارروائی کرنے سے روک دیا۔الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈاپور کے خلاف آزادکشمیر کے عام انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا کیس زیر سماعت ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کو علی امین گنڈا پور کی گرفتاری کا مراسلہ جاری کیا گیا تھا تاہم وہ حاضرنہ ہوئے ۔ علی امین گنڈاپور کی جانب سے آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن کے خلاف دائر درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی گئی ، ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو مزید کاروائی کے خلاف حکم امتناعی جاری کردیا ہے،آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپورکو طلب کر رکھا تھا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے ۔
علی امین گنڈاپور کی جانب سے کیس کی پیروی بیرسٹر ہمایوں، یاسر سفیر مغل ایڈووکیٹ، سردار مطیب ایڈوکیٹ،عادل شفیق ایڈووکیٹ نے کی، آزاد کشمیر ہائی کورٹ کے جج جسٹس شاہد بہار نے درخواست کی سماعت کی۔پی ٹی آئی کے رہنما علی امین گنڈا پور آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوران وفاقی وزیر برائے کشمیر امور تھے اور انہوں نے آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی انتخابی مہم چلائی تھی۔ انتخابی مہم کے دوران ان کی پیسے دیتے ہوئے ویڈیو بھی سامنے آئی تھی۔الیکشن کمیشن آزادکشمیر نے علی امین گنڈا پور کی انتخابی مہم میں شرکت پر پابندی عائد کر دی تھی۔ علی امین گنڈا پور کی انتخابی مہم کے دوران ضلع جہلم ویلی میں پتھرا وہوا اور ان کے گارڈز کی جانب سے ہوائی فائرنگ کا واقعہ بھی پیش آیا تھا۔