کشمیریوں کودبانے کے لیے بھارتی عدلیہ کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جار ہا ہے ،حریت کانفرنس


سری نگر:کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ علاقے میں ڈھائے جانے والے مظالم پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوج، پیراملٹری فورسز ، پولیس اور این آئی اے اورایس آئی اے جیسے تحقیقاتی اداروں کے اہلکار حق خودارادیت کے جائز مطالبے کو دبانے کے لیے پورے علاقے میںمحاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اورگھروں پر چھاپوں کے دوران مسلسل بے گناہ کشمیریوں کو تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں اور ان کی املاک پر قبضہ کر رہے ہیں۔

ترجمان نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے تاکہ خطے کو مشرق وسطی جیسی تباہی سے بچایاجاسکے جس کی وجہ مسئلہ فلطین کا حل نہ ہونا ہے۔سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارتی حکومت اپنی ایجنسیوں کو کشمیریوں کوہراساں کرنے کے لیے بطور ہتھیار استعمال کررہی ہے،یہاں تک کہ بی جے پی حکومت کشمیریوں کودبانے کے لیے اپنی عدلیہ کو بھی ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حریت رہنماؤں، صحافیوں، علمائے کرام یہاں تک کہ عام کشمیریوں کو بھی جھوٹے مقدمات میں پھنسایا جارہاہے۔سیاسی ماہرین اور تجزیہ کاروں نے کہا کہ اپنے سیاسی نظریے اور استصواب رائے اور حق خودارادیت کی جدوجہد سے وابستگی کی وجہ سے آزادی پسند کشمیریوں کے خلاف کالے قوانین کے تحت مقدمات درج کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی مظالم کا سامنا کرنے کے باوجود کشمیری عوام جدوجہد آزادی کو آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں ۔ انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں غیر قانونی گرفتاریوں اورنظربندیوں کا نوٹس لیں۔