کراچی(صباح نیوز)الخدمت کراچی نے اپنے پہلے جاب پورٹل ”قابل ڈاٹ جابز ”qabil.jobs) (کا افتتاح کر دیا اوربنو قابل2.0 کے 10ہزار سے زائد پاس آٹ طلبہ وطالبات میں اعزازات اور اسناد تقسیم کردی گئیں ،الخدمت کے تحت ایکسپو سینٹر کراچی میں ہونے والی 2روزہ بنو قابل نمائش میں 100 کمپنیز نے اسٹالز لگائے اور بنو قابل سے مختلف کورسز کرنے والے طلبہ وطالبات نے 100سے زائد منفرد پراجیکٹس کو نمائش کیلئے پیش کیا۔ بنو قابل منفرد جاب پورٹل ” قابل ڈاٹ جابز ” qabil.jobs) (کا افتتاح امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر خان الخدمت 3نومبر کو بنو قابل کے تحت ایک بڑاپروگرام لانچ کرے گی ،جس میں 10لاکھ بچے اس پروگرام کا حصہ ہوں گے ۔یہ اہم موقع ہے کہ الخدمت کے تحت ”جاب پورٹل ”کا افتتاح کیا گیا ہے ،جہاں سیکڑوں کمپنیاں موجود ہوں گی۔ اس پورٹل پر بنو قابل سے پاس آٹ طلبہ وطالبات کا ڈیٹا موجود ہے اورانڈسڑیز اپنی ضرورت کے مطابق ان نوجوانوں کو ملازمتیںکی آفر کریں گی۔اس موقع پر ڈائریکٹر بنو قابل پاکستان سلمان شیخ ،ڈائریکٹر کمیونٹی سروسز قاضی سید صدرالدین،اسکل ڈیو لپمنٹ کونسل کی فرحین بیگ ،فیضان لغاری ودیگر نے خطاب کیا ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی ، ڈائریکٹر بنو قابل پروگرام فاروق کاملانی ،چیئر مین آباد حسن بخشی ، سی سی اوحبیب گروپ آف کمپنیز عارف حبیب ،اسپورٹس اینکر یحیی حسینی ،رضوان جعفر ،سلمان کارپوریشن کے کمپنی ہیڈ سرفراز احمد خان کارپوریٹ سیکٹر و آئی ٹی کمپنیز کے نمائندوں نے بھی بنو قابل کی گریجویشن تقریب میں شرکت کی اور طلبہ وطالبات میں اسناداور اعزازات تقسیم کیے۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن کا وژن تھا کہ کراچی کے نوجوانوں کو آئی کورسز سکھا کر انہیں بااختیار بنا یا جائے،انہیں مایوسیوں سے نکالا جائے۔ بنو قابل پروگرام سے دوسال میں 50ہزار بچے پاس آٹ ہو چکے ہیںجو کام حکومت کو کرنے چاہئیں تھے،وہ الخدمت نے کردکھائے ہیں۔کراچی میں گزشتہ تین سال سے آئی ٹی پارک کی باتیں ہو رہی ہیں۔ وعدے بھی کئے گئے مگر کچھ نہیں کیا گیا ۔الخدمت 55مقامات پر آئی ٹی کورسز کروارہی ہے ۔منعم ظفر خان نے کہا کہ نوجوانوں کو مایوسیوں سے نکال رہے ہیں ،ان نوجوانوں نے پڑھنا پڑھنا ہے،آگے بڑھنا ہے اور اپنے والدین کا سہارا بننا ہے ۔بنو قابل 4.0کی رجسٹریشن جاری ہے اور اب تک کراچی کے ایک لاکھ نوجوان خود کو رجسٹرڈ کرواچکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان کل آبادی کا 60فیصد ہیں اور یہی اس ملک کی امید وں کا مرکز اور محور ہیں ۔الخدمت نو جوانوں کا ہاتھ تھامے گی۔ انہیں مایوسی سے نکالے گی۔منعم ظفر خان نے حکومت سے مطالبہ کیا کیا کہ پولی ٹیکنیک کالج کو یونیورسٹی کا درجہ دیا جائے ،اس سے کراچی کے ہزاروں نوجوان ٹیکنالوجی میں آگے بڑھیں گے اور ملک ترقی کرے گا ۔ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے ڈائریکٹر بنو قابل پروگرام سلمان شیخ نے کہا کہ جاب پورٹک کا آغاز اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ہم منزل کے قریب پہنچ چکے ہیں ،الخدمت نے ایک سنگ میل عبور کیا ہے ،بہت سے کمپنیاں الخدمت بنو قابل سے جڑ گئی ہیں ، بنو قابل کے نوجوانوں کو وہاں ملازمتیں ملیں گی ۔قاضی سید صدرالدین نے کہا کہ ٹیکنالوجی جاب پورٹل تمام ٹیکنالوجی کمپنیز اورسافٹ ویئر ہاوسز سے منسلک ہوگا ،یہ نئے دور کا آغاز ہے ۔الخدمت بنو قابل کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ تقریب میں دیگر مقررین نے الخدمت کی کاوش کو سراہا اور بنو قابل کورسز کرنے والے ہزاروں طلبہ کو مبارکباد پیش کی ۔