کراچی(صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ تعلیم ہی وہ روشن راستہ ہے جو پاکستان کو بحران سے نکال سکتا ہے ،اسلامی جمعیت طلبہ اورٹیکنو فاسٹ کے آرگنائزر مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے طلبہ و طالبات کو اپنا ہنر پیش کرنے کے لیے مواقع فراہم کیے ،جماعت اسلامی تعلیمی پروجیکٹس کے حوالے سے آپ کے ساتھ ہے ،یہی ویژن امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے پیش کیا تھا ، انہوں نے شہر کراچی کے نوجوانوں کو آگے بڑھانے کے لیے بنوقابل پروجیکٹ پیش کیا تھا جس میں ہزارو ں طلبہ اس قابل ہوچکے ہیں جو ماہانہ لاکھوں روپے کمارہے ہیں ،سیاسی ناہمواریاں ، معاشی تفاوت سے وطن عزیز گزررہا ہے ، پاکستان آبادی کے لحاظ سے 5بڑے ممالک میں شامل ہے ، پاکستان میں بسنے والے نوجوانوں کی تعداد باقی ممالک سے زیادہ ہے ، پاکستان کی آبادی کا 65فیصد طبقہ نوجوانوں پر مشتمل ہے ، یوتھ کے حوالے سے منصوبہ بندی کرنے اور آگے بڑھانے کے لیے الخدمت بنوقابل کے تحت فری آئی ٹی کورسز کروائے جارہے ہیں ، ہم اس وقت آئی ٹی کی فیلڈ میں بہت پیچھے ہیں ، ہمارا پڑوسی ملک بھارت کی صرف آئی ٹی سیکٹر میں ایکسپورٹ 193بلین ڈالر ہے اور پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں ایکسپورٹ صرف 3بلین ڈالر ہے، اس صورتحال میں ہمیں اپنے نوجوانوں کو آئی ٹی کے میدان میں آگے بڑھانے کی ضرورت ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے تحت ٹیکنوفیسٹ پاکستان کے دوسرے روز افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے ناظم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی حافظ آبش صدیقی ،ماہر نیورولوجیسٹ و نائب امیر کراچی ڈاکٹر واسع شاکر، پیما پاکستان کے صدر ڈاکٹر عاطف حفیظ، پیما کراچی کے صدر عبد اللہ متقی ،ڈائریکٹر ڈائیگنوسٹک الخدمت کراچی ڈاکٹر ثاقب انصاری ،جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق ودیگرنے بھی خطاب کیا۔ منعم ظفر خان نے اسٹالز کا دورہ کیا اور طلبہ و طالبات کی جانب سے اپنے ہی ہاتھوں سے بنائے ہوئے مختلف شاندار پروجیکٹس پر مبارکباد پیش کی اور حوصلہ افزائی کی ۔منعم ظفر خان نے کہاکہ اسلامی جمعیت طلبہ ایک منظم اور سب سے بڑا ٹیکنیکل فیسٹیول منعقد کرنے پر مبارکباد کی مستحق ہے۔پاکستان کے اندر آ رٹیفیشل انٹیلیجنس کو متعارف کروانے میں اسلامی جمعیت طلبہ ایک اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ملک میں طلبہ کو جو مواقع میسر نہیں وہ اسلامی جمعیت طلبہ نے ٹیکنوفیسٹ پاکستان کے پلیٹ فارم سے مہیا کیے ہیں۔جماعت اسلامی، اسلامی جمعیت طلبہ کے ساتھ اس کام میں شانہ بشانہ کھڑی ہے۔جو قدم جمعیت نے اٹھایا ہے اسے آ گے بڑھاتے رہیں گے۔
حافظ آبش صدیقی نے کہا کہ ملک میں مایوسی کے کلچر کو ختم کرنے کے لیے مستقبل کے معماروں کو جدید تعلیم سے آراستہ کیا جائے۔اسلامی جمعیت طلبہ نے تمام شعبہ جات کے طلبہ و طالبات کو ٹیکنوفیسٹ پاکستان کے پلیٹ فارم پر جمع کیا ہے۔انشائاللہ اسلامی جمعیت طلبہ ٹیکنوفیسٹ پاکستان کے زریعہ تمام شعبہ جات کے طلبہ و طالبات کو انڈسٹری سے متعارف کرائے گی اور پاکستان کے بہتر مستقبل کے لئے یہ جدو جہد جاری رہے گی۔ محمد فاروق نے کہا کہ 24سال قبل اس طرح کی سرگرمی کا تصور بھی نہیں تھا،تعلیم کے ساتھ اس طرح کی ایکٹیویٹی پر کارکنان جمعیت مبارکباد کے حقدار ہیں،ایک طلبہ تنظیم کسی سرکاری سرپرستی کے بغیر اتنا بڑا ایونٹ کررہی ہے حالانکہ یہ حکومت کے کرنے کا کام ہے اور حکومت نے اس ملک کے سب سے باشعور طبقے کو طلبہ یونین کے انتخابات سے محروم کر رکھا ہے نوجوانوں کو اسمبلیوں میں بھیجیں گے تو ملک ترقی کی جانب گامزن ہوگا،فوری طور پر طلبہ یونین بحال کی جائیں تاکہ تعلیمی اداروں میں طاقت کی بنیاد پر قبضے کا سلسلہ ختم ہو ۔تفصیلات کے مطابق ٹیکنوفیسٹ میں 200 سے زائد اسٹالز لگائے گئے ہیں جن میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، جاب فیئر، اور مختلف صنعتی شعبہ جات سے متعلق اسٹالز شامل ہیں۔ 30 سے زائد ملٹی نیشنل کمپنیاں ایونٹ کے دوران انٹرویوز کر رہی ہیں اور طلبہ کو روزگار کے مواقع فراہم کر رہی ہیں۔فیسٹیول کے دوران 50 سے زائد مقابلے منعقد کیے جارہے ہیں جن میں سائبر سیکورٹی، روبو وارز، اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز کے شعبہ جات شامل ہیں۔ نمائش کے دوران ایک کروڑ روپے کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔ٹیکنوفیسٹ میں طلبہ و طالبات نے 100 ایسے اسٹالز لگائے ہیں جن پر وہ اپنے بنائے ہوئے پروجیکٹس کی نمائش کررہے ہیں اور سب سے اچھے پروجیکٹ کو ”Innovation of the Year ” کا نقد انعام 10 لاکھ روپے دیا جائے گا اور تمام نمائش کے تمام انعامات کی کُل انعامی رقم 1 کروڑ رکھی گئی ہے۔فیسٹول کا مقصد طلبہ کو مایوسی سے نکال کر انڈسٹری سے منسلک کرنا اور پاکستان سے مایوسی کا کلچر ختم کرنا ہے۔#