کل جماعتی یکجہتی فلسطین و کشمیرکانفرنس کا انعقاد 13اکتوبرکو راولاکوٹ میں منعقدہوگی،ڈاکٹر محمد مشتاق خان

اسلام آباد(صباح نیوز) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیرگلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے اعلان کیاہے کہ کل جماعتی یکجہتی فلسطین و کشمیرکانفرنس کا انعقاد 13اکتوبربروز اتوارراولاکوٹ میں منعقدہوگی،ہندوستان اور اسرائیل نے جنگی جرائم کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں،اہل غزہ سے اظہاریکجہتی اور مقبوضہ کشمیرکی صورت حال کے حوالے سے اقدامات طے کرنے کے لیے کل جماعتی یکجہتی فلسطین و کشمیرکانفرنس کا انعقاد 13اکتوبربروز اتوارراولاکوٹ میں ہوگی،

کانفرنس میں آزاد کشمیرکے صدر وزیر اعظم سمیت تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے قائدین شریک ہوںگے،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے کہاکہ حکومت اپوزیشن اور تمام سیاسی جماعتوں کی طرف سے اہل غزہ سے اظہاریکجہتی اہل کشمیرکی طرف سے اچھا پیغام ہوگا،آزاد کشمیرکی قیادت میں رواداری کی روایت قائم ہے  اور پوری کشمیری قوم اور حکومت آزادی کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر متفق ہے،وحدت کشمیراور حق خودارادیت سب کامشترکہ ایجنڈا ہے،

ڈاکٹر مشتاق خا ن نے کہاکہ اگر کشمیریوں کو آزادی کی  منزل ملتی ہے توآزاد کشمیرکی قیادت اپنے سرکٹوانے کے لیے تیار ہے ،انھوں نے کہاکہ کل جماعتی یکجہتی فلسطین اور کشمیرکانفرنس میں منحوس سیز فائر لائن توڑ نے کے آپشن پر بھی غورہونا چاہیے ،حکومت مشاورت سے سیز فائرلائن توڑنے کااعلان کرے اور پوری قوم ساتھ چلے ہم شہادت کے لیے تیار ہیں۔فلسطینی اور کشمیری قیادت نے شہادتوں کا راستہ اپنایاہے ۔