اقوام متحدہ کو فلسطینیوں کی نسل کشی کے خاتمے کیلئے اہم کردار ادا کرنا چاہیے، سراج الحق

کراچی (صباح نیوز)سابق امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہاہے کہ غزہ سے لیکر فلسطین تک امت کے تمام مسائل کا واحد حل اتحاد امت میں ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی ضمیر کو فلسطینیوں کی نسل کشی کے خاتمے کے لیے اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے صوبائی دفتر کے دورے کے موقع پربات چیت کے دوران کیا۔سراج الحق نے سابق مرکزی نائب امیراسداللہ بھٹو کی عیادت اورانکی جلدومکمل صحت یابی کے لئے دعا بھی کی۔اس موقع پرصوبائی امیرمحمدحسین محنتی،مولانا محمددین منصوری، مجاہدچنا اورزاہدحسین راجپربھی اس موقع پرموجود تھے۔

سراج الحق نے کہا کہ غزہ پر اسرائیلی دہشتگردی کو ایک سال مکمل ہو گیا ہے80 ہزار ٹن بارود برسا کر غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا گیا ،45 ہزار شہدا ہیں جن میں زیادہ تر بچے بوڑھے اور خواتین شامل ہیں ان سب کے باوجود غزہ کے مجاہدین سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئے ہیں سرزمین انبیاء فلسطین اورقبلہ اول کی آزادی کے لئے پرعزم ہیں۔اسرائیل اپنی شکست کو چھپانے کے لئے ایک سال سے عام شہریوں پر بمباری کر رہا ہے ،اصل سوال انسانی حقوق کی تنظیموں ،  اقوام متحدہ اور خاص طور پر اسلامک ورلڈ آرگنائزیشن کا غزہ کے مسلمانوں کی نسل کشی پر مجرمانہ خاموشی، بزدلی اور غیر جانبداری کا ہے جس کو انسانی تاریخ ہمیشہ بھیانک الفاظ میں یاد رکھے گی۔