ایرانی حملے میں کئی اسرائیلی ایف 35 لڑاکا طیارے تباہ ہوئے، بریگیڈیئر جباری

تہران(صباح نیوز)ایرانی انقلابی گارڈز کے مشیر بریگیڈیئر جباری نے کہا ہے کہ ایرانی حملے میں کئی اسرائیلی ایف 35 لڑاکا طیارے تباہ ہوئے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بریگیڈیئر جباری نے کہا ہے کہ ایران کا حملہ اسرائیل اور امریکہ کے لئے بڑا سرپرائز تھا۔انہوں نے کہا کہ میزائل حملوں کے دوران سائبر اور الیکٹرانک وار فیئر حملوں کے ذریعے 90 فیصد میزائل نشانے پر لگے۔

دوسری جانب ایرانی جنرل مرتضیٰ میریان نے اسرائیل کو جوابی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری انگلیاں ٹریگر پر ہیں۔ ایرانی جنرل مرتضیٰ میریان نے کہا کہ اسرائیلی حملے پر جوابی حملے کے لئے کسی اجازت کی ضرورت نہیں ہو گی۔انہوں نے کہا کہ ایک بھی حملہ ہوا تو دشمن کو دھول میں اڑا دیں گے، ایران پر کوئی بھی اسرائیلی حملہ اب بغیر جوابی حملے کے نہیں ہو سکے گا۔ایرانی جنرل نے کہا  کہ ایرو، ڈیوڈ سلنگ اور آئرن ڈوم اسرائیلی دفاعی نظام اور دیگر ممالک ناکام رہے، اسرائیل کے اندر جس ہدف کو چاہا نشانہ بنایا۔