منی لانڈرنگ کیس،شہباز شریف ،حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں توسیع


لاہور (صباح نیوز)سپیشل جج سینٹرل لاہور اعجاز حسن اعوان نے شوگر ملز کے ذریعہ منی لانڈرنگ کرنے کے کیس میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب میاں محمد شہباز شریف اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد حمزہ شہباز شریف کی عبوری ضمانت میں 18فروری تک توسیع کرتے ہوئے شہبازشریف سمیت  دیگرتمام ملزمان کو 18فروری کو فرد جرم عا ئد کرنے کے لئے طلب کر لیا۔

عدالت کے جج نے ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ تمام ملزمان کو چالان کی کاپیاں فراہم کی جائیں ۔ جبکہ وکیل ایف آئی اے نے کہا کہ کاپیاں چیک کرلیں بعد میں نہ کہیں کچھ مسنگ ہے۔ واضح رہے کہ دوران سماعت شہباز شریف اور حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے۔