صوبے کی خود مختاری اور آئینی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں، علی امین گنڈاپور

پشاور (صباح نیوز)وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ وہ اٹھارہویں ترمیم کے تحت صوبے کی خود مختاری اور آئینی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔صوبائی  کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد میں ہمارے پر امن احتجاج کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ ناقابل برداشت ہے، ہمارے باوردی پولیس اہلکاروں کو غیر قانونی طور پر حراست میں لیا گیا ہے۔ اسی طرح ہمارے ریسکیو اہلکاروں کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسلام آباد پولیس اور انتظامیہ کی طرف سے ان پر تشدد ثابت ہوا تو ہم سخت کارروائی کریں گے۔

وزیراعلی خیبر پختونخوا نے کہا  ہماری ریسکیو کی مشینری کو بھی غیر قانونی طور پر قبضے میں لیا گیا ہے، بحیثیت وزیر اعلی میں جہاں جاوں گا، میرے ساتھ اہلکار  اور دیگر درکار مشینری ساتھ جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کے پی ہاوس اسلام آباد میں فسطائیت کی گئی، غیر قانونی طور پر ہماری املاک کو توڑا گیا، اس پر قانونی چارہ جوئی کے لیے مشاورت کرکے لائحہ عمل طے کریں گے۔ کے پی ہاوس میں ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وفاقی حکومت کی طرف سے اس طرح کی فسطائیت اور غیر قانونی اقدامات ناقابل برداشت ہیں۔ہم اٹھارہویں ترمیم کے تحت صوبے کی خود مختاری اور آئینی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔۔