گنڈاپور کے خطاب کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی کے اراکین آپس میں گتھم گتھا

پشاور(صباح نیوز)خیبرپختونخوا اسمبلی میں وزیر اعلی کے خطاب کے بعد صورت حال بگڑ گئی اور ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی۔منگل کو خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس کے دوران اراکین میں ہاتھا پائی شروع ہوگئی اور حکومتی اور اپوزیشن کے اراکین گتھم گتھا ہوگئے۔اپوزیشن اراکین نے بات کرنے کے لئے وقت مانگا تھا جس پر تلخ کلامی شروع ہوئی، اپوزیشن اراکین کو بات کا موقع نہ ملنے پر یہ تلخ کلامی ہاتھا پائی میں تبدیل ہوگئی۔پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کے اقبال وزیر اور پی ٹی آئی کے نیک محمد نے ایک دوسرے پر حملے کیے۔اراکین اسمبلی نے ایک دوسرے کو گالیاں دیں اور اچھل اچھل کر ایک دوسرے پر مکے برسائے۔

گتھم گتھا ہونے والے اراکین اسمبلی کا تعلق شمالی وزیر ستان سے ہے۔ جھگڑے کے دوران ایوان میں موجود دونوں اراکین کے حامیوں نے بھی ایک دوسرے پر حملے کیے، اس دوران ایوان مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگا۔حالات پر قابو پانے کے لیے اسپیکر نے اجلاس 15 منٹ کے لیے معطل کیا، اس دوران سکیورٹی اہلکاروں کو بھی طلب کرلیا گیا۔صوبائی وزرا اپوزیشن اراکین کو منانے اپوزیشن بینچوں پر آئے جس کے بعد حالات نارمل ہوئے جب کہ گتھم گتھا ہونے والے دونوں ایم پی ایز کو ایوان سے باہر لے جایا گیا۔اپوزیشن اراکین کا کہنا تھا کہ  وزیراعلی کو بولنے کے لیے وقت دیا ہمیں کیوں نہیں ملتا۔رکن اے این پی  نثار باز کا کہنا تھا کہ میں اپنے پارٹی کا موقف بیان کروں گا، شرافت کا غلط فائدہ نہ اٹھایا جائے۔