کراچی(صباح نیوز)الخدمت کی جانب سے شہر بھر میں قائم اپنے دفاتر ہسپتالوں ، سینٹرز ،واٹر فلٹریشن پلانٹس کے باہرفلسطینی مظلوم بہن بھائیوں سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا گیا اور واکس کا اہتمام کیا گیا ،واکس میں الخدمت کے سینکڑوں رضاکار شریک ہوئے ۔الخدمت کے نیو کراچی نارتھ کراچی کاٹھور میمن گوٹھ اولڈ تھانو گلشن معمار لاسی گوٹھ بکھر گوٹھ موسی کالونی واٹرپمپ کیماڑی کورنگی اورنگی بلدیہ سعید آباد لیاری لائنز ایریا گلشن اقبال لانڈھی ملیر گلشن حدید بلال کالونی شاہ لطیف ٹاؤ ن ریڑھی گوٹھ شیر شاہ فرنٹیئر کالونی کے علاقوں میں قائم مدارس کے ہزاروں طلبہ نے بھی واکس کیں اور فلسطینی بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا ۔واکس میں الخدمت کراچی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر راشد قریشی و دیگر ذمہ داران شریک تھے ۔
شرکا نے ہاتھوں میں پلے کارڈز، بینرز اور فلسطینی پرچم تھے ۔ الخدمت اور الخدمت مدارس تفہیم القرآن کے ذمہ داران نے واکس کے شرکا سے خطاب کیا۔مقررین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج فلسطینیوں سے یکجہتی کے پروگرامات امت مسلمہ کے لیے فرض کفایہ کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ غزہ کے مسلمان قبلہ اول کی آزادی کے لیے اپنی جانوں اوراہل عیال کے نذرانے پیش کررہے ہیں ہم اور کچھ نہیں کرسکتے تو کم ازکم ان کے حق میں آواز ضرور بلند کرسکتے ہیں تاکہ اللہ کے حضور گواہی دے سکیں کہ ہم انہیں آزادی تو نہ دلا سکے ،مگر ان کے حق میں آواز بلند کرتے رہے اوران مظلوموں کے حق میں سڑکوں پر نکل کر ان کے لئے دنیا بھر میں رائے عامہ کو ہموار کرتے رہے تھے ۔