سندھ بھر میں فلسطین سے اظہار یکجہتی میں شریک ہوں گے نثار کھوڑو کی محمد حسین محنتی کو یقین دہانی

کراچی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی صوبہ سندھ محمد حسین محنتی کی قیادت میں وفد نے پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور جماعت اسلامی کے تحت 6اکتوبر اتوار3بجے سہ پہر شاہراہ فیصل پر ہونے والے تاریخی و عظیم الشان ”الاقصیٰ ملین مارچ” میں شرکت کی دعوت دی اور 7اکتوبر کو اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل کے خلاف احتجاج کے لیے 12بجے دن گھروں اور دفاتر سے نکلنے کی درخواست کی ۔نثار کھوڑو نے جماعت اسلامی کے وفد کا خیر مقدم کیا اور ”الاقصیٰ ملین مارچ ” سمیت سندھ بھر میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ہونے والے پروگرام کی حمایت و تائید اورشرکت کی یقین دہانی کرائی ۔وفد میں نائب امیر کراچی مسلم پرویز اور جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق شامل تھے ۔

ملاقات میں مشیر وزیر اعلیٰ وجنرل سکریٹری پیپلزپارٹی سندھ سینیٹر وقار مہدی اور کراچی ڈسٹرکٹ کے صدور بھی موجود تھے۔ نثار کھوڑو نے کہاکہ امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو سے ملاقات کے بعدبلاول بھٹو زردای نے ہدایات جاری کردی ہیں ،ہم سندھ کے تمام اضلاع میں فلسطین کے حوالے سے ہونے والے پروگرام میں شرکت کریںگے ،بانی پیپلزپارٹی ذوالفقار علی بھٹو ، بے نظیر بھٹو اور بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ فلسطین کاز پر آواز اٹھائی ہے اور اہل غزہ و فلسطین پر ہونے والے مظالم کی مذمت کی ہے ، اسرائیل امریکہ کی سرپرستی میں اہل غزہ و فلسطین کی نسل کشی کررہا ہے ، ہم فلسطینیوں کے ساتھ ہیں ۔ محمد حسین محنتی نے کہاکہ گزشتہ ایک سال سے غزہ میں انسانی نسل کشی کی جارہی ہے۔

اسرائیل غزہ میں دہشت گردی امریکہ کی پشت بانی میں کررہا ہے۔ حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ سمیت 45 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا گیا ہے۔ غزہ وفلسطین کی طرح لبنان میں بھی بمباری شروع کردی گئی ہے۔لبنان میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ سمیت ایک ہزار سے زائد لوگوں کو شہید کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کے قیام کا مقصد دنیا بھر کی اقوام کو امن مہیا کرنا تھا لیکن اقوام متحدہ نے سوائے قراردادیں پاس کرنے کے کچھ نہیں کیا۔اسرائیل کی جارحیت و دہشت گردی میں فلسطینیوں کی نسل کشی کی جارہی ہے اور گزشتہ ایک سال سے اقوام متحدہ میں صرف تقریریں ہوئیں لیکن عملاً کچھ نہیں ہوا۔او آئی سی اور عرب لیگ کس مرض کی دوا ہیں، انہوں نے تو اب اجلاس بلانا بھی چھوڑ دیا ہے۔  ،مغرب کے حکمران ایک طرف اور عوام دوسری طرف ہیں۔مغرب کے عوام بھی اہل غزہ و فلسطین کے ساتھ ہیں اور اپنے حکمرانوں کے خلاف سراپا احتجاج ہیں۔